پیرس: یونیسکو میں پاکستان کے سفیر جناب معین الحق نے کہا ہے کہ پاکستان قومی سطح پر تعلیم کو بہت اہمیت دیتا ہے۔ انہوں نے یہ بات ڈائریکٹر جنرل یونیسکو مس ایرینا بوکووا کو اپنے اسناد سفارت پیش کر تے ہوئے کہی۔ یونیسکو کے ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل جناب ایرک فالٹ اور یونیسکو میں پاکستان کے ڈپٹی مندوب ساجد بلوچ بھی اس موقع پر موجود تھے۔
سفیر پاکستان نے ڈی جی کو بتایا کہ پاکستان نے 16 سال تک کے عمر کے تمام بچوں کیلئے تعلیم کو بنیادی حق قرار دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہماری پارلیمنٹ نے اس موضوع پر باقاعدہ ایکٹ پاس کیا ہے۔
انہوں نے ڈی جی یونیسکو کے بچیوں کی تعلیم کیلئے ملالہ فنڈ کے قیام کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے ڈی جی کو بتایا کہ پاکستان E-9 کا صدر ہے جو دنیا کی آدھے سے زیادہ آبادی کا نمائندہ ہے۔ جناب سفیر نے پاکستان یونیسکو کے قریبی تعلقات کا ذکر کیا اور ڈی جی یونیسکو کی ذاتی کاوشوں کو بھی سراہا جو انہوں نے پاکستان اور یونیسکو کے تعاون کو بڑھانے کیلئے کی ہیں۔
جناب سفیر نے کہا کہ پاکستان یونیسکو کا سرگرم رکن رہا ہے اور ہر معاملے میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیتا رہا ہے۔
سفیرپاکستان معین الحق نے مزید کہا کہ یونیسکو تعلیم، ثقافت اور سائنس کے شعبوں میں جو کردار ادا کر رہا ہے پاکستان اس کو تسلیم کرتا ہے اور اس کی مکمل اور مضبوط حمایت کرتا ہے اور پاکستان یہ سمجھتا ہے کہ یونیسکو کی طرف سے ان شعبوں میں تعاون سب کےلئے مفید اور دنیا بھر میں عام انسانوں کی زندگیوں کو بہتر کرنے میں مدد دے گا۔
سفیر صاحب نے کہا کہ پاکستان تمام شعبوں میں مثبت اور بامقصد تبدیلیاں لانے کیلئے یونیسکوکے ساتھ ہے۔ تاہم پاکستان کے پاس وسائل بہت زیادہ نہیں ہیں۔ سفیر صاحب نے کہا کہ پاکستان کا مضبوط ثقافتی ورثہ اس کا سرمایہ ہے۔ جسے ہم اگلی نسلوں کیلئے محفوظ کرنا چاہتے ہیں۔
ڈی جی یونیسکو نے پاکستان کے کردار کو سرہاتے ہوئے کہا کہ پاکستان یونیسکو کا ایک رکن ہے ایگزیگٹیو بورڈ اور اس کے مختلف اجلاسوں میں پاکستان نے بھر پور شرکت کی ہے۔ انہوں نے پاکستان کے اپنے حالیہ دورے کا بھی ذکر کیا اور حکومت پاکستان کی جانب سے ایوارڈ دینے پر شکریہ بھی ادا کیا۔
ڈی جی یونیسکو نے اس امید کا اظہار کیا کہ ملالہ فنڈ کیلئے مزید ڈونرز آگے آئیں گے اور بچیوں کی تعلیم کیلئے و سائل میں اضافہ کرنے میں مدد کریں گے۔