لاہور(ویب ڈیسک) قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان محمد یوسف نے دعویٰ کیا ہے کہ 2009 میں کپتان یونس خان کیخلاف بغاوت مصباح الحق نے کرائی۔ایک انٹرویو میں محمد یوسف نے بتایا کہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2009 میں یونس خان مصباح الحق کو ڈانٹا تھا کہ تم نے انتہائی سست بیٹنگ کیوں کی؟ جواب میں مصباح الحق نے کہا کہ تم نے بھی تو اس سے پہلے والے میچ میں سست بیٹنگ کی تھی۔محمد یوسف نے کہا کہ یونس خان کھلاڑیوں پر سختی کرتے تھے اور اصرار کرتے کہ ایسا کرنا ضروری ہے۔ دورہ سری لنکا میں یونس خان کیخلاف کھلاڑیوں کے گٹھ جوڑ کے دوران قرآن پر حلف لئے جانے کے بارے میں بات کرتے ہوئے محمد یوسف نے کہا تھا کہ ان کھلاڑیوں کو کمرے میں مصباح الحق لائے تھے اور شعیب ملک نے حلف لینے کیلئے کہا تھا۔دوسری جانب ایک خبر کے مطابق پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) 2020 میں لاہور قلندرز کی پہلی فتح کی بنیاد رکھنے والے بین ڈنک نے امید ظاہر کی ہے کہ ان کی ٹیم اگلے میچز میں بھی یہ مومینٹم برقرار رکھتے ہوئے فتوحات حاصل کرے گی۔تفصیلات کے مطابق میچ کے بعد گفتگو کرتے ہوئے بین ڈنک نے کہا کہ ہمارے لئے آج کا میچ بہت اہم تھا کیونکہ ہم ابتدائی تین میچز میں ہار چکے تھے، خوش قسمتی سے اچھی پارٹنرشپ لگی اور بڑا ہدف دینے میں کامیاب ہوئے، ہمارے ابھی اور میچز بھی باقی ہیں اور امید ہے کہ یہ مومینٹم برقرار رکھیں گے۔ان کا کہنا تھا کہ اننگز میں ابتداءمیں وکٹیں گرنے کے بعد اننگز بنانے کیلئے ہمیں کچھ وقت لینا پڑا جس میں کامیاب ہوئے اور پھر کچھ اوورز بھی ایسے مل گئے جن میں رنز بنانا آسان رہا۔ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز جیسی کلاسی ٹیم کیخلاف اتنے رنز بنا کر کامیابی حاصل کرنے سے یقینا بہت زیادہ اعتماد ملا ہے اور امید ہے کہ آئندہ میچز میں بھی ایسی ہی کارکردگی دکھائیں گے۔