الریاض (نمائندہ خصوصی) چیئرمین پاکستان مسلم لیگ ق سعودی عرب چوہدری اظہر وڑائچ اور صدر پاکستان مسلم لیگ ق ریاض ریجن نے اپنے مشترکہ بیانیے میں کہا ہے کہ کشمیری عوام کی خودارادیت کی جدوجہد میں ان کی قربانیوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں، ان کا مزید کہنا تھا کہ بھارت گزشتہ ساتھ دہائیوں سے بے گناہ کشمیریوں پر ظلم برپا کرنے سے باز آجائے اور فوری طور پر اپنے فوجی محاصرے کو ختم کرے، جبری قوانین کو ختم کرے، بنیادی انسانی حقوق کی بحالی کرے، آزادانہ نقل و حرکت اور مواصلات سے پابندیاں اٹھائے، غیر ملکی میڈیا سمیت انسانی حقوق کے بین الاقوامی مبصرین کو مکمل رسائی کی اجازت دی جائے۔ ق لیگی قائدین کا مزید کہنا تھا کہ بھارت اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کی خلاف ورزی بند کرے اور ریاستی جبر کو ختم کرنے اور اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق کشمیری عوام کی کی مرضی کے تعین کے لئے ایک غیر جانبدارانہ رائے شماری کے لئے عالمی برادری اپنا کردار ادا کرے۔ عالمی برادری موجودہ ہندوستانی حکومت کی انتہا پسندی اور کشمیریوں کے خلاف ان کے جاری ظلم و ستم کو تسلیم کر رہی ہے، حکومت پاکستان اور عوام مسئلہ کشمیر کے لئے پوری طرح پرعزم ہیں، پاکستان کشمیری بھائیوں اور بہنوں کے حقوق کے لیے ہمیشہ دنیا میں ضمیر کی آواز بنے گا۔