ملتان کے علاقے ہیڈ نوبہار میں بجلی کی لوڈشیڈنگ کے ستائے افراد سڑکوں پر آگئے ، مظاہرین نے میپکو انتظامیہ کے خلاف نعرے بازی کی
ملتان (یس اُردو) ملتان میں ہیڈ نوبہار کے قریب بجلی کی لوڈشیڈنگ کے خلاف احتجاج کیا گیا ، مظاہرین نے ہائی وے بلاک کر دی ، پولیس نے میڈیا کو تشدد کا نشانہ بھی بنایا ۔
ملتان کے علاقے ہیڈ نوبہار میں بجلی کی لوڈشیڈنگ کے ستائے افراد سڑکوں پر آگئے ، مظاہرین نے میپکو انتظامیہ کے خلاف نعرے بازی کی ۔پولیس نے احتجاج کو ختم کرانے کی کوشش کی ، میڈیا کو کوریج سے بھی روکا اور پھر بھی بات نہ بنی تو ہاتھا پائی شروع کر دی ۔ مظاہرین کا کہنا تھا کہ بجلی کی غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ نے راتوں کی نیندیں حرام کر دی ہیں ۔ رہی سہی کسر خراب ٹرانسفارمر نے پوری کر دی ہے جس کو تبدیل کرنے کیلیے میپکو حکام تیار نہیں ۔ مظاہرین کچھ دیر احتجاج کے بعد پر امن طور پر منتشر ہوگئے ۔