شہزاد مہمانوں کیلئے ناشتہ لینے جا رہا تھا ، چوک کمہاراں کے قریب تیز رفتار بس نے ٹکر مار دی ، موقع پر دم توڑ دیا ، مشتعل مظاہرین کا احتجاج ، بس کو آگ لگا دی
ملتان (یس اپردو) ملتان میں یونیورسٹی کی بس کی ٹکر 15 سالہ لڑکے کی موت کا سبب بن گئی ۔ دو بسوں میں ہونے والی دوڑ نے معصوم بچے کو موت کی وادی میں سلا دیا ۔ چوک کمہاراں کے قریب نجی کمپنی کی بس جسے کالج نے طلبہ کی آمد و رفت کیلئے کرائے پر لے رکھا تھا ایک اور بس سے تیز رفتاری کا مقابلہ کر رہی تھی ۔ اسی دوران بے قابو بس نے دوسری بس سے آگے نکلنے کی کوشش کی جس سے 15 سالہ لڑکا اس کی زد میں آ کر موت کی وادی میں اتر گیا ، بدقسمت شہزاد سائیکل پر سوار ہوکر مہمانوں کیلئے ناشتہ لینے جا رہا تھا مگر تیز رفتار بس نے اسے گھر واپس آنے کی مہلت نہ دی ۔ شہزاد کی موت کی اطلاع ملتے ہی علاقہ مکینوں میں کہرام مچ گیا اور وہ مشتعل ہوکر سڑکوں پر نکل آئے ۔ مشتعل مظاہرین نے کالج کی بس کو آگ لگا دی جبکہ بس کا ڈرائیور موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا ۔ عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ پولیس کو حادثے کی اطلاع بروقت دی گئی مگر اس نے جائے حادثہ پر پہنچنے میں روائتی سستی کا مظاہرہ کیا اور ان کی آمد میں تاخیر سے بس کے ڈرائیور کو فرار ہونے کا موقع مل گیا