ملتان کے شہریوں کے لیے خوشخبری، آج سے میٹرو بس سروس کا افتتاح ہو رہا ہے۔ وزیر اعظم میاں نواز شریف ملتان کے شہریوں کے لیے سہولت کا افتتاح کریں گے۔
لاہور اور راولپنڈی کے بعد اب ملتان کے شہریوں کو بھی سستی سفری سہولیات ملنے کا وقت آ گیا ہے ، شہری اب تیز رفتار ، ائر کنڈیشنڈ بسوں میں صرف 20 روپے میں سفر کریں گے ۔18 اعشاریہ 5 کلومیٹر طویل اور 9 میٹر چوڑا ، بہاو الدین زکریا یونیورسٹی سے شروع ہونے والا یہ روٹ ، بوسن روڈ ، ہمایوں روڈ ، دولت گیٹ ، حافظ جمال روڈ ، بی ۔ سی ۔ جی چوک ، وہاڑی روڈ سے ہوتا ہوا چوک کمہاراں پر ختم ہوتا ہے جس کے لئے 21 اسٹیشنز بنائے گئے ہیں جن میں 14 فلائی اووز پر اور 7 زمینی ہیں ۔ٹیکنیکل ایڈوائزر میٹرو پراجیکٹ ملتان ، صابر خان سدوزئی کا کہنا ہے کہ ’’ہمارا یہ جو پراجیکٹ ہے اس کا ساڑھے 12 کلومیٹر بریج کی لمبائی ہے جبکہ لاہور اور اسلام آباد کے بریجز ہیں ان کی 8 کلومیٹر ہے اور کونٹم آف ورک زیادہ ہے ۔ ‘‘میٹرو روٹ کے ارد گرد سو کے قریب سرکاری و نجی تعلیمی ادارے جبکہ دفاتر بھی موجود ہیں 28 ارب 88 کروڑ کی لاگت سے تیار ہونے والے اس منصوبے کے ٹریک اور بس ڈپو کے لئے مجموعی طور پر 265 کینال اراضی خریدی گئی ۔ میٹرو روٹ کو انتہائی خوبصورتی سے سجایا گیا ہے جو شام کے وقت بہت دلکش نظارہ پیش کرتا ہے ۔میٹرو پراجیکٹ کی انتظامیہ کا دعویٰ ہے کہ مکمل ہونے والے پہلے فیز میں چلنے والی 35 بسوں میں روزانہ 95 ہزار سے زائد افراد سفری سہولیات حاصل کر سکیں گے ۔