واقعہ شجاع آباد کے علاقے میں پیش آیا ، میاں بیوی ، دو بچوں سمیت پانچ افراد زخمی ، تشویش ناک حالت میں ہسپتال منتقل کر دیا گیا
ملتان (یس اُردو) ملتان میں تیزاب گردی کے واقعے نے دہشت طاری کردی ، شجاع آباد میں نامعلوم افراد نے گھر میں سوئے میاں بیوی دو بچوں سمیت پانچ افراد پر تیزاب پھینک دیا ،
تشویشناک حالت میں ہسپتال منتقل کر دیا گیا ۔ تیزاب گردی کے ایک اور واقعے نے دل کو ہلا دیا ۔ ملتان کے ہسپتال میں پڑا ہوا یہ خاندان بھی تیزاب گردی کا نشانہ بنا ۔ درندوں نے بچوں اور ان کی ماں کو بھی نہیں چھوڑا ۔درد سے چیختا یہ خاندان شجاع آباد ریلوے سٹیشن کے قریب گھر میں سو رہا تھا کہ نامعلوم افراد نے ان پر تیزاب پھینک دیا جس سے تیس سالہ شاہد ، اس کی اہلیہ بیس سالہ اقرا ، بیٹی دو سالہ علیشباہ اور ایک سالہ زارا جھلس گئی ، جبکہ ایک رشتہ دار بھی لپیٹ میں آگیا ۔تمام متاثرہ افراد کو فوری طور پر تحصیل ہیڈکوارٹر ہسپتال منتقل کر دیا گیا ۔ ڈاکٹرز کے مطابق بیس سالہ اقرا کا جسم ستر فیصد تک متاثر ہوا ، حالت تشویشناک ہونے پر اسے ملتان نشتر ہسپتال منتقل کر دیا گیا ۔ تھانہ سٹی پولیس شجاع آباد نے تفتیش شروع کر دی ۔