اسلام آباد (یس ڈیسک) سپریم کورٹ نے وفاقی دارالحکومت میں بلدیاتی انتخابات سے متعلق کیس میں پٹیشنر کو آئندہ سماعت پر ذاتی حیثیت میں پیش ہونے کا حکم دے دیا۔
سپریم کورٹ میں وفاقی دارالحکومت میں بلدیاتی انتخابات سے متعلق کیس کی سماعت چیف جسٹس ناصر الملک کی سربراہی میں تین رکنی بینچ نے کی، درخواست گزار زاہد ملک کے وکیل نے کہا کہ عدالت میرے موکل کی درخواست پر فریقین کو نوٹسز جاری کر چکی ہے۔
چیف جسٹس ناصر الملک نے کہا کہ آپ نے اس کیس کی اب تک پیروی نہیں کی، عدالت وفاقی دارالحکومت میں بلدیاتی الیکشن سے متعلق معاملہ کی ایک اور مقدمے میں سماعت کر رہی ہے۔
عدالت عظمیٰ نے آئندہ سماعت پر درخواست گزار زاہد ملک کو ذاتی حیثیت میں پیش ہونے کا حکم دیتے ہوئے سماعت غیر معینہ مدت تک ملتوی کر دی۔