اسلام آباد (جیوڈیسک) قومی اسمبلی نے اسلام آباد میں بلدیاتی انتخابات غیر جماعتی بنیادوں پر کرانے کا بل اکثریتی رائے سے منظور کر لیا ، عمران خان کی کل کی تقریر کیخلاف ایم کیو ایم نے قومی اسمبلی سے واک آؤٹ کیا۔
قومی اسمبلی کا اجلاس سپیکر سردار ایاز صادق کی زیرصدارت ہوا۔ اجلاس میں اظہار خیال کرتے ہوئے اپوزیشن لیڈر سید خورشید شاہ نے کہا کہ غیر جماعتی بنیادوں پر بلدیاتی انتخاب کرانے کی بنیاد ڈکٹیٹر نے رکھی اور اس سے کرپشن کی بنیاد پڑی۔ نرسری میں کرپشن کا پودا لگاؤ گے تو وہ درخت بن جائے گا ، خورشید شاہ نے کہا کہ آمریت کے دور میں کونسلر کو پیسے دے کر ووٹ ڈلوائے گئے۔
مسلم لیگ ن کو اپنے اوپر اعتماد نہیں ، سیاسی جماعتوں کے لوگ آئیں گے تو ہارس ٹریڈنگ نہیں ہوگی ، پنجاب کے بلدیاتی انتخابات بھی جماعتی بنیادوں پر ہونے چاہئیں۔ حکومت کرپٹ نظام کی طرف نہ جائے، جماعتی بنیادوں پر انتخابات کرانے سے جمہوریت مستحکم ہوگی۔ وزیر مملکت برائے پارلیمانی امور شیخ آفتاب نے کہا کہ اگر جماعتی بنیادوں پر انتخابات کرانے ہیں تو نئے لوگ نہیں آئیں گے۔ پیپلز پارٹی کو غیر جماعتی بنیادوں پر انتخابات کرانے کی حمایت کرنی چاہئے۔ شیخ آفتاب نے جماعتی بنیادوں پر انتخابات کرانے کی پیپلز پارٹی کی ترمیم کی مخالفت کی۔
انہوں نے کہا کہ بلدیاتی انتخابات جمہوریت کی نرسری ہیں ، بلدیاتی انتخابات غیر جماعتی بنیادوں پر کرانے چاہئیں ،شیخ آفتاب نے بلدیاتی انتخابات غیر جماعتی بنیادوں پر کرانے کا بل ایوان میں پیش کیا ۔ اپوزیشن لیڈر خورشید شاہ نے بلدیاتی انتخابات غیر جماعتی بنیادوں پر کرانے کی مخالفت کی تاہم بل اکثریتی رائے سے منظور کر لیا گیا۔ اس موقع پر ایم کیو ایم نے عمران خان کی کل کی تقریر کیخلاف قومی اسمبلی سے واک آؤٹ کیا۔