پیرس(نمائندہ خصوصی)شدید گرمی کے موسم میں غیر علانیہ لوڈ شیڈنگ نے عوام کا جینا دوبھرکردیا ہے۔ اس حوالے سے وفاقی حکومت کے تمام تر دعوے ریت کی دیوار ثابت ہوئے۔ ان خیالات کا اظہار چوہدری منیر ورائچ صدر مسلم لیگ ق فرانس نے یس اُردو سے کیا، انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کی حکومت کو تین سال پورے ہوچکے ہیں مگر اس کے باوجود ملک سے بجلی کی بدترین لوڈ شیڈنگ ختم نہیں ہوسکی۔ مسلم لیگ (ن) نے پہلے چھ ماہ اور پھر دو سال میں لوڈ شیڈنگ ختم کرنے کا دعویٰ کیا لیکن افسوس ناک امر یہ ہے کہ ابھی تک بجلی کی بدترین لوڈشیڈنگ سے عوام کو نجات نہیں مل سکی۔انہوں نے کہا کہ حکومت کو انرجی بحران پر قابو پانے کیلئے کالا باغ سمیت چھوٹے بڑے ڈیم بنانے کی طرف پوری توجہ دینا چاہیے۔ اگر نئے ڈیم بنیں گے تو ملک ترقی کرے گا اور زراعت کا شعبہ بھی بہتر ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ دنیا بھر میں سستی بجلی پانی سے میسر ہوتی ہے۔ کالا باغ ڈیم بننے سے ایک روپے پچاس پیسے فی یونٹ بجلی عوام کو مل سکے گی۔