وزیر اعلیٰ سندھ کہتے ہیں کہ رینجرز اختیارات کا معاملہ سنگین مسئلہ نہیں ہے، ورکنگ ریلیشن شپ بہتر بنائی جائیں گی، مراد علی شاہ نے حکومت کی کامیابی سویلین اداروں کے امن کی ذمہ داری سنبھالنے سے مشروط کر دی۔
کراچی: (یس اُردو) وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ اپوزیشن لیڈر خواجہ اظہار الحسن کے گھر پہنچے اور ان کے والد کے انتقال پر اظہار تعزیت کی۔ اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ رینجرز اختیارات کا معاملہ انکے خیال میں اتنا سنگین نہیں ہے، معاملات طے کرنے میں دو، چار دن لگ ہی جاتے ہیں۔وزیر اعلیٰ کا کہنا تھا کہ دو بھائیوں کے درمیان بھی اختلاف ہو جاتا ہے، سندھ حکومت کی کامیابی تب ہو گی جب سویلین ادارے امن و امان کو سنبھالیں گے۔ سندھ کے نئے سائیں کا مزید کہنا تھا کہ رینجرز 1989ء سے یہاں کام کر رہی ہے، ورکنگ ریلیشن شپ بہتر کریں گے۔مراد علی شاہ کا مزید کہنا تھا کہ حکومت چلانے میں مشکلات آتی ہیں، کابینہ میں کافی تبدیلیاں آئی ہیں، سینئرز اور جونیئرز دونوں طرح کے لوگ شامل ہیں، ہر چیز تبدیل ہو بھی نہیں سکتی ہے۔دریں اثناء، وزیر اعلیٰ سندھ نے مطلوبہ نتائج کیلئے وزراء کو فری ہینڈ دیدیا ہے۔ مراد علی شاہ نے وزراء کو اسپتالوں، تھانوں اور تعلیمی اداروں کے دوروں کی ہدایت کر دی، کہتے ہیں بدعنوان حکومت کا تاثر ختم کرنا ہے