لاہور: سابق صدرآصف علی زرداری سے ملاقات کے لیے وزیر اعلیٰ سندھ مرادعلی شاہ اور صوبائی وزیر داخلہ سہیل انور سیال لاہور پہنچ گئے ہیں۔
پاکستان پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف زرداری نے سندھ کے حوالے سے اہم مشاورت کے لیے وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ اور صوبائی وزیر داخلہ سہیل انور سیال کو ہنگامی طور پر لاہور طلب کیا تھا۔ سندھ کی دونوں اہم شخصیات آصف زرداری سے ملاقات کے لیے لاہور ایئرپورٹ سے بلاول ہاؤس روانہ ہوگئیں، ذرائع کا کہنا ہے کہ آصف زرداری سے ملاقات کے دوران سندھ کے نگراں سیٹ اپ اور دیگر صوبائی معاملات پر تفصیلی تبادلہ خیال ہوگا۔ اس کے علاوہ سندھ سمیت دیگر تینوں چھوٹے صوبوں کے قومی اقتصادی کونسل میں وفاقی حکومت سے تنازع پر بھی بات ہوگی۔ واضح رہے کہ سندھ، بلوچستان اور خیبر پختونخوا کے وزرائے اعلیٰ نے فنڈز کی غیر منصفانہ تقسیم پر قومی اقتصادی کونسل کے اجلاس کا واک آؤٹ کردیا تھا۔