شکارپور: نامعلوم موٹرسائیکل سواروں نے فائرنگ کرکے اسپیکر سندھ اسمبلی آغا سراج درانی کے پولیس گارڈ سمیت 2 اہلکاروں کو قتل کردیا۔
شکار پور کے علاقے گڑھی یاسین میں آغا سراج درانی کی رہائش گاہ کےقریب موٹرسائیکل پر سوار نامعلوم مسلح افراد نے ایک دکان پر فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں دکان میں بیٹھے 2 افراد جاں بحق ہوگئے۔
واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس جائے حادثہ پر پہنچ گئی اور لاشوں کو اسپتال پہنچا دیا گیا، پولیس کے مطابق مقتولین کی شناخت نظام الدین بروہی اور گلاب بروہی کے نام سے ہوئی ہے اور دونوں ہی پولیس اہلکار ہیں۔ دونوں اہلکار سول کپڑوں میں ملبوس تھے، پولیس اہلکار نظام الدین بروہی اسپیکر سندھ اسمبلی آغا سراج درانی کا گارڈ ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ ابتدائی تفتیش میں پتہ چلا ہے کہ علاقے میں کیپوتہ اور بروہی برادری میں تنازع چل رہا تھا اور یہ واقعہ بھی 2 گروپوں میں تصادم کا نتیجہ ہے۔