شیخوپورہ(بیورورپورٹ)پروونشنل گورنمنٹ کے منصوبہ کے تحت شیخوپورہ مریدکے روڈ کے علاقہ اڈہ سیکھم میں نکاسی آب کے نالہ کی تعمیر کے دوران سنگین نوعیت کی بے ضابطگیوں کے انکشافات ہوئے ہیں، ڈی سی او ارقم طارق کو موضع سیکھم کے رہائشی ماسٹر محمد شریف کی جانب سے دی جانیوالی درخواست میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ مذکورہ نالہ جس سڑک کے برلب تعمیر کیا جارہا ہے اس روڈ کی چوڑائی 72فٹ ہے مگر علاقہ کے ایسے بعض با اثر افراد جو نالہ بننے کی اصل جگہ پر ناجائز طور پر دکانیں تعمیر کئے ہوئے ہیں سے ساز باز ہو کر مذکورہ روڈ کی جگہ پر نالہ کی تعمیر کا کام شروع کردیا گیا ہے جس سے روڈ کی چوڑائی کم ہو کر 60فٹ رہ گئی ہے جبکہ دوسری طرف تجاوزات کی بھرمار کے باعث کام سست روی کا شکار ہے اور اس نالہ کی تعمیر بھی بروقت مکمل ہوتی بھی دکھائی نہیں دے رہی ، درخواست گزار کے مطابق نالہ کی تعمیر میں استعمال کیا جارہا میٹریل بھی ناقص اور غیر معیاری ہے جس کے استعمال سے ٹھیکیدار سرکاری خزانے کو لاکھوں روپے کا چونا لگا رہا ہے اور نہ تواس کام کی کسی طرح کی کوئی انسپکشن کی جارہی ہے اور نہ کی کسی سرکاری ادارے نے تعمیراتی کام کا اب تک جائزہ لیا ہے، علاو ہ ازیں جوئیانوالہ موڑ تا چیچوکی ملیاں روڈ کے تعمیراتی منصوبہ میں بھی بدعنوانیوں اور بے ضابطگیوں کی نظر ہورہا ہے اور ناقص میٹریل کا استعمال جاری ہے اسی طرح رضا چوک تا باہڑیانوالہ رروڈ کی تعمیر کا منصوبہ بھی ٹھیکیدار کی کرپشن کی نظر ہورہا ہے جس میں ناقص میٹریل کے استعمال کی شکایات کی گئی ہیں۔