شیخوپورہ(بیورورپورٹ)پاکستان عوامی مسلم لیگ کے صدر چوہدری مرتضیٰ ورک نے کہا ہے کہ پنجاب حکومت کے ماہ رمضان میں عوام کو ریلیف دینے کے سارے دعوے خاک میں مل گئے ہیں لوڈشیڈنگ، مہنگائی اور رمضان بازاروں نے روزہ داروں کو خوار کر دیا ہے، وزیر اعلیٰ پنجاب کی عوام کے لئے ریلیف صرف اشتہارات میں نظر آتی ہے عملی طور پر کوئی اقدام نظر نہیں آ رہا ہے، اپنے ایک بیان میں چوہدری مرتضیٰ ورک نے کہا کہ سحری اور افطاری کے اوقات میں لوڈشیڈنگ کے حکومتی دعوے دھرے کے دھرے رہ گئے ہیں ایک طرف گرمی اور دوسری طرف لوڈشیڈنگ نے روزہ داروں کی پیاس میں شدت پیدا کر دی ہے بازاروں میں گراں فروشی کے فتنے نے سر اُٹھا رکھا ہے منہ مانگی قیمتیں وصول کی جا رہی ہیں حکومت نام کی کوئی چیز نظر نہیں آ رہی۔ انہوں نے مزید کہا کہ دالوں کی قیمتوں میں 20 سے 30 روپے تک کا اضافہ ماہ رمضان سے پہلے ناجائز منافع خوروں کی طرف سے کی جانے والی ذخیرہ اندوزی کا نتیجہ ہے مسلم لیگ ن کی پالیسیوں پر قوم میں اضطراب پایا جاتا ہے۔ حکمرانوں نے عوام کو جمہوریت کے ثمرات منتقل نہیں کئے صرف اپنے اثاثوں میں اضافہ کیا ہے۔