کراچی (یس ڈیسک) سندھ ہائی کور ٹ نے اپنے تفصیلی فیصلے میں سابق صدر پرویز مشرف کو پارلیمنٹ کی رکنیت کے لئے نااہل قرار دے دیا۔ سابق صدر جنرل ریٹائرڈ پرویز مشرف سے متعلق فیصلہ سندھ ہائی کورٹ کے چیف جسٹس مقبول باقر کی سربراہی میں 3رکنی بینچ نے جاری کیا ۔جس کے مطابق پرویز مشرف اسمبلی یا پارلیمنٹ کی رکنیت کے لیے نااہل قرار دیئے گئے ہیں فیصلے کے مطابق سابق صدر پرویز مشرف نے اختیارات کا غیرقانونی استعمال کیا، 2007 میں آئین توڑا اور ججوں کو گرفتار کیا۔
فیصلے میں مزید کہا گیا ہے کہ پرویز مشرف آئین کے آرٹیکل 62 اور 63 پر پورا نہیں اترتے جبکہ ملک کا قانون دفاعی اور سول اداروں پر یکساں لاگو ہوتا ہے۔ اختیارات کا استعمال قانون کے مطابق کیا جاتا ہے بندوق کے زور پر نہیں۔ سندھ ہائی کورٹ نے اس سے قبل الیکشن کے دوران سابق صدر پرویز مشرف کو اپنے مختصر فیصلے میں الیکشن لڑنے کے لئے نااہل قرار دیا تھا۔