بینظیر بھٹو قتل کیس میں 68 گواہوں کے بیانات قلمبند، پرویز مشرف کیخلاف بھی اہم ثبوت موجود، مقدمے کے آخری گواہ ایڈیشنل ڈی جی ایف آئی اے خالد قریشی کا بیان
راولپنڈی: (یس اُردو) بینظیر بھٹو قتل کیس میں فیصلے کی گھڑی قریب پہنچ گئی ہے۔ مقدمے کے آخری گواہ ایڈیشنل ڈی جی ایف آئی اے کا بیان قلمبند کر لیا گیا ہے۔ انسداد دہشتگردی عدالت نے بے نظیر قتل کیس میں 68 گواہوں کے بیانات ریکارڈ کر لیے ہیں۔ سابق وزیراعظم بینظیر بھٹو قتل کیس میں ملزمان کے بیانات کے بعد حتمی بحث ہوگی۔ بینظیر بھٹو قتل کیس کی مشترکہ تحقیقاتی ٹیم کے سربراہ خالد قریشی کے بیان کے مطابق بینظیر بھٹو قتل کیس میں گرفتار پانچ ملزمان نے واردات کو حتمی شکل دی۔ سابق سی پی او سعود عزیز اور ایس پی خرم شہزاد کیخلاف بھی ٹھوس شواہد ملے۔ مشترکہ تحقیقاتی ٹٰیم کے سربراہ نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ سابق صدر پرویز مشرف کیخلاف بھی بینظیر بھٹو قتل کے اہم ثبوت موجود ہیں۔ مشترکہ تحقیقاتی ٹیم کی تفتیش کے تمام شواہد عدالت میں جمع کرا دیئے ہیں۔