اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف کے چیرمین عمران خان نے سابق صدر جنرل ریٹائرڈ پرویز مشرف کی جانب سے جنرل راحیل شریف کی مدد کے دعوے پر کہا ہے کہ سابق صدر کا بیان ظاہر کرتا ہے کہ طاقتور من مانے طریقے سے قانون کی خلاف ورزی کر سکتا ہے۔
سوشل میڈیا پر اپنی ٹویٹ میں عمران خان کا کہنا تھا کہ سابق سیکرٹری خزانہ بلوچستان مشتاق رئیسانی کی جانب سے اپنی 40ارب کی کرپشن کو 2 ارب روپے میں پلی بارگین کے ذریعے کلیئر کرانا ظاہر کرتا ہے کہ نیب ملک میں کرپشن اور جرائم کوفروغ دے رہا ہے۔سابق صدر پرویز مشرف کی جانب سے ان کا نام ای سی ایل سے نکلوانے کے لئے حال ہی میں اپنے عہدے سے سبکدوش ہونے والے آرمی چیف جنرل راحیل شریف کی جانب سے عدالتوں پر دباؤ ڈالنے کے دعوے پر عمران خان کا کہنا تھا کہ پرویز مشرف کا بیان اس بات کو تقویت دیتا ہے کہ طاقتور اپنے اثر ورسوخ کی بنیاد پر قانون کی خلاف ورزی کر سکتا ہے۔