کولمبو: سابق لیگ اسپنر مشتاق احمد کا دل پاکستان میں کوچنگ سے بھر گیا جب کہ ہیڈ کوچ نیشنل کرکٹ اکیڈمی نے سری لنکن اسپن بولنگ کوچ بننے کیلیے دلچسپی ظاہر کردی۔
سری لنکا کرکٹ بورڈ کو اس وقت اسپن بولنگ اور فیلڈنگ کوچ کی تلاش ہے، اسپنرز کی ٹریننگ کیلیے آئی لینڈرز جن ناموں پر غور کررہے ہیں ان میں سابق پاکستانی لیگ اسپنر مشتاق احمد بھی شامل ہیں۔
سری لنکن میڈیا کی رپورٹ کے مطابق انھوں نے اس سلسلے میں اپنی دلچسپی سے بورڈ کو باقاعدہ آگاہ بھی کردیا ہے۔ سری لنکا کی جانب سے یہ تلاش نک پوتھاس کے جانے کے بعد شروع کی گئی جنھوں نے2017 کا زیادہ تر حصہ بطور ہیڈ کوچ گزارا تھا تاہم اپنا معاہدہ ختم ہونے سے پہلے ہی وہ ٹیم کو چھوڑ کرچلے گئے۔
ایس ایل سی کے ایک آفیشل نے اس بات کی تصدیق کردی کہ بورڈ نے انھیں بغیر کسی اعتراض کے جانے دیا،اگلے2ماہ کے اندر ہی دو نئے کوچز کا تقرر بھی کردیا جائے گا۔ یاد رہے کہ پوتھاس ہیڈ کوچ کے عہدے پر فائز ہونا چاہتے ہیں۔
اس سلسلے میں ٹیم منیجر اسانکا گروسنہا نے انھیں یقین دہانی بھی کرائی تھی،مگر بورڈ نے ان کی جگہ چندیکا ہتھورا سنگھے کو بنگلہ دیش سے بلاکر ہیڈ کوچ مقرر کردیا جس پر پوتھاس خوش نہیں تھے، وہ اس سے پہلے فیلڈنگ کوچ کے طور پر کام کرتے تھے مگر بعد میں انھیں گراہم فورڈ کے گذشتہ برس جون میں ذمہ داری چھوڑنے پر عبوری کوچ بنادیا گیا تھا۔
ایس ایل سی کا خیال ہے کہ پوتھاس اب انگلینڈ میں جاب ڈھونڈے رہے ہیں، ان کے دور میں سری لنکن ٹیم نے پاکستان سے یو اے ای میں ٹیسٹ سیریز جیتنے کے سوااور کوئی بھی اہم کارنامہ انجام نہیں دیا تھا۔