6 جنوری 1967 ء کو بھارتی ریاست تامل ناڈو کے دارالحکومت چنائے میں ایک موسیقار گھرانے میں پیدا ہونے والے آر ایس دلیپ کمار نے 1984 ءمیں چھوٹی بہن کے شدید بیمار ہونے پر مذہب اسلام میں دلچسپی لینا شروع کی اور 1989 ء میں23 سال کی عمر میں اپنے پورے گھرانے سمیت اسلام قبول کرلیا۔ اے آر رحمن نے 1992ء میں ہدایت کار مانی رتنم کی تامل فلم’’راجو‘‘ سے اپنے فلمی کیرئیر کا آغازکیا۔
جس پر نہ صرف انہیں بہترین میوزک ڈائریکٹر کا ایوارڈ بلکہ حیرت انگیز طور پربہترین میوزک ڈائریکٹر کا نیشنل فلم فیئر ایوارڈ بھی دیا گیا۔بالی ووڈ انڈسٹری میں لاتعداد ایوارڈز حاصل کرنے والے اے آر رحمن کو ہالی ووڈفلم سلم ڈاگ ملینیئر کا ساؤنڈ ٹریک ترتیب دینے پر گولڈن گلوب اورآسکر ایوارڈ سے نوازا گیا۔
اے آر رحمن کو جہاں 2009ء میں دنیا کی بااثر شخصیات کی فہرست میں شامل کیا گیا۔ 2010 ء میں ورلڈ اکنامک فورم کے لائف ٹائم اچیومنٹ کے کرسٹل ایوارڈ اور بھارت کے تیسرے اور چوتھے بڑے سویلین اعزاز پدما بھوشن اور پدما شری کے حقدار ٹھہرائے جانے والے اے آر رحمن کو کئی ملکوں کی یونیورسٹیز کی جانب سے ڈاکٹریٹ کی اعزازی سند سے بھی نوازا جاچکا ہے۔گذشتہ سال اے آر رحمان کو دنیا کی 500 بااثر مسلمان شخصیات کی فہرست میں بھی شامل کیا گیا۔