ڈونلڈ ٹرمپ کے مسلمان مخالف بیانات کے بعد عالمی سطح پر اس کا شدید ردعمل تسلسل کے ساتھ سامنے آرہا ہے اور اب مشرق وسطیٰ کی ایک بڑی ریٹیل چین نے ڈونلڈ ٹرمپ کی کمپنی کی تیار کردہ مصنوعات کی فروخت بند کرنے کا اعلان کیا ہے ۔
متحدہ عرب امارات (نیٹ نیوز) عالمی میڈیا کے مطابق ریٹیل چین 146لائف سٹائل145 کا کہنا ہے کہ انھوں نے ٹرمپ ہوم کی مصنوعات کو اپنے متحدہ عرب امارات ، کویت ، سعودی عرب اور قطر کے سٹورز سے ہٹا دیا ہے ۔ ریٹیل چین کے مالک گروپ لینڈ مارک کا کہنا ہے کہ 146لائف سٹائل اپنے تمام گاہکوں کی اقدار اور جذبات کی عزت کرتا ہے ، تاہم یہ واضح نہیں کیا گیا ہے کہ ان کے درمیان معاہدے کی مالیت کتنی تھی ۔ لینڈمارک گروپ کے چیف ایگزیکٹیو سچن منڈھوا نے کہا ہے کہ صدارتی امیدوار کی جانب سے امریکی میڈیا میں پیش کیے گیے حالیہ بیانات کی روشنی میں ہم نے ٹرمپ ہوم کی تمام مصنوعات کی فروخت منسوخ کر دی ہے ۔ خیال رہے کہ لینڈ مارک گروپ کا شمار خطے کے بڑے ریٹیل گروپوں میں ہوتا ہے اور ان کی مشرق وسطیٰ ، افریقہ اور پاکستان میں 190 سے زائد دکانیں ہیں ۔
ادھربرطانیہ میں ڈونلڈ ٹرمپ کے برطانیہ داخلے پر پابندی کے لیے شروع کی گئی ایک پٹیشن پر دس ہزار سے زائد افراد دستخط کر چکے ہیں ، اس کا مطلب ہے کہ اب ارکان پارلیمان کو اس مسئلے کو موضوع بحث بنانے کے بارے میں غور کرنا ہو گا ۔