لاہور (جیوڈیسک) کیولری گراؤنڈ میں طالب علم کو فائرنگ سے قتل کرنے والے مصطفٰی کانجو کو کہروڑ پکا سے گرفتار کر کے لاہور منتقل کر دیا گیا، ملزم اور سات سیکورٹی گارڈز کو آج انسدا دہشت گردی کی عدالت میں پیش کیا جائے گا۔
وزیر اعلیٰ پنجاب کی طرف سے واقعے کا سخت نوٹس لئے جانے کے بعد لاہور پولیس نے سابق وزیر مملکت کے بیٹے ملزم مصطفٰی کانجو کی گرفتاری کے لئے جگہ جگہ چھاپے مارے اور اسے ضلع لودھراں کی تحصیل کہروڑ پکا سے گرفتار کر کے لاہور کے تھانہ آرے اے بازار میں منتقل کر دیا۔
گرفتاری کے وقت اثرو رسوخ اور دولت کے نشہ سے سرشار ملزم پینٹ شرٹ میں ملبوس تھا مگر تھانے میں پریشان نظر آ رہا تھا ۔ پولیس کی ابتدائی تفتیش کے دوران ملزم نے کیولری گراؤنٖڈ میں جھگڑے کا اعتراف تو کر لیا ہے لیکن فائرنگ کا اعتراف نہیں کیا۔
مصطفٰی کانجو اور اس کے سات سیکورٹی گارڈز کو آج انسدا دہشت گردی کی عدالت میں پیش کیا جائے گا ۔ دوسری طرف وزیر اعلٰی پنجاب نے فائرنگ سے جاں بحق ہونے والے طالبعلم زین کے لواحقین کے لئے 5 لاکھ روپے امداد کا اعلان کیا ہے۔ شہباز شریف کا کہنا ہے کہ مظلوم خاندان کو ہر قیمت پر انصاف فراہم کیا جائے گا۔