آزاد کشمیر میں انتخابی فہرستوں کی تیاری کا ابتدائی مرحلہ مکمل ہو گیا، مظفر آباد، راولا کوٹ، کوٹلی اور دیگر اضلاع کے مختلف انتخابی حلقوں میں حیران کن طور پر ووٹرز کی تعداد بڑھنے کی بجائے ان میں ہزاروں کی تعداد میں کمی آئی ہے۔
مظفر آباد: (یس اُردو) آزاد کشمیر میں عام انتخابات کے لئے انتخابی فہرستوں کی تیاری کا ابتدائی مرحلہ مکمل ہونے کے ساتھ ہی حیران کن طور پر پانچ سال قبل ہونے والے انتخابات کی نسبت اس بار بیشتر حلقوں میں نئے ووٹرز کی تعداد میں اضافے کے بجائے کمی ہوئی ہے۔ الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ قوانین کے مطابق صرف اصل رائے دہندگان کا اندراج کیا ہے جسکی وجہ سے ووٹرز کی تعداد بڑھنے کے بجائے کم ہوئی ہے۔الیکشن کمیشن کے ریکارڈ کے مطابق راولا کوٹ کے شہری حلقے میں گزشتہ فہرستوں کی نسبت 23 ہزار، عباسپور میں 10 ہزار، ہجیرہ میں 20 ہزار، میر پور کے دو حلقوں میں 27 ہزار، کوٹلی کے دو حلقوں میں 23 ہزار اور مظفر آباد کے دو حلقوں میں 21 ہزار سے زائد بوگس ووٹوں کو نکالا گیا ہے۔ شہریوں نے گزشتہ انتخابات پر تحفظات کا اظہار کرنے کے ساتھ ساتھ موجودہ الیکشن کمیشن پر اعتماد کا اظہار کیا ہے۔الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ انتخابی فہرستوں پر اعتراضات دور کرنے کے بعد اپریل کے پہلے ہفتے میں نادرا کو تصدیق کے لئے بھیج دیں گے۔