کراچی : پاکستان تحریک انصاف کے رکن قومی اسمبلی عامر لیاقت حسین کا کہنا ہے کہ ان کے حوالے سے سما ٹی وی کی خاتون اینکر کرن ناز نے غلط سکرین شارٹ چلایا جس کی وجہ سے غلط فہمیاں پیدا ہوئیں۔نجی ٹی وی بول نیوز کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے عامر لیاقت حسین نے کہا کہ،
انہوں نے کراچی میں جمشید کوارٹرز کے مکینوں کے معاملے پر تحفظات کا ٹوئٹر پر اظہار کیا جس کے بعد انہیں سما ٹی وی کے پروگرام میں بلایا گیا اور اس حوالے سے بات کی گئی ۔ ’اینکر پرسن کرن ناز کے پروگرام میں میری بات کو ٹوئسٹ کیا گیا اور ایک سکرین شارٹ چلایا جس میں عامر لیاقت یہ کہہ رہا ہے کہ اسے ووٹ عمران خان کی وجہ سے نہیں پڑے بلکہ اپنی وجہ سے پڑے‘۔عامر لیاقت نے کہا کہ میڈیا کے کچھ عناصر تحریک انصاف کو بدنام کر رہے ہیں، آج بھی کہتا ہوں کہ میں عمران خان کی وجہ سے رکن قومی اسمبلی بنا ہوں لیکن 20 فیصد میری اپنی بھی شخصیت ہے۔ دوسری جانب عامر لیاقت حسین نے مبینہ طور پر غلط فہمی کی وجہ بننے والے سماءٹی وی کے پروگرام ’7 سے 8‘ میں شرکت کی ۔ ان کے ساتھ سینیٹر فیصل جاوید اور جاوید میانداد بھی پروگرام کا حصہ بنے ۔ عامر لیاقت حسین نے اینکر پرسن کو مخاطب کرکے کہاسما کی تاریخ میں ایسا پہلی بار ہوا ہے کہ وہ لڑانے میں ناکام ہوا ہے ، آپ میرا کلپ نہیں دکھاسکیں۔میں نے کہا تھا کہ عمران خان کی ہوا چلی ہے اور اسی ہوا کی وجہ سے میری شخصیت کو بھی ووٹ پڑ گئے۔
عامر لیاقت کی بات پر کرن ناز نے کہا کہ انہوں نے اپنے پروڈیوسر سے کلپ چلانے اور آپ کو واٹس ایپ کرنے کا کہا ہے ۔ خاتون اینکر نے مزید کہا عامر لیاقت صاحب کی یہ عادت رہی ہے کہ جووہ کہہ دیتے ہیں بعد میں وہ مانتے نہیں ہیں، شمولیت سے قبل وہ عمران خان سے متعلق کیا کہتے رہے ہیں یہ ان کی تسلی کیلئے سنوا دیتی ہوں۔ سما کے پروگرام میں عامر لیاقت کے پرانے ویڈیو کلپس چلائے گئے جس میں وہ عمران خان کے خلاف نامناسب زبان استعمال کر رہے ہیں تاہم وہ کلپ نہیں چلایا گیا جو تحریک انصاف میں غلط فہمیوں کی وجہ بنا۔ جبکہ دوسری جانب تحریک انصاف کے رہنما ڈاکٹر رمیش کما ر نے کہا کہ ہمارے ساڑھے تین سو کے قریب ممبرز ہیں اور اس مقام پر لوگ اپنا ضمیر نہیں بیچتے ،اس وقت ممبران کی لہر بھی پی ٹی آئی کی طرف زیادہ ہے اورعارف علوی بڑی آسانی کے ساتھ جیت جائیں گے ۔پروگرام نیوز روم میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا عامر لیاقت کو ایسا بیان نہیں دیناچاہئے تھا کہ ایک فیملی میں ایسا نہیں کرنا چاہئے ،میں انہیں سمجھائوں گا،عامر لیاقت کو میں جانتاہوں کہ وہ وضاحتی بیان دیں گے ، ہم 43 تک کابینہ میں نمبر ز رکھیں گے ،ہم آج یوٹیلیٹی سٹورز کوبند کررہے ہیں، اگرہم نجکاری کرینگے تو سب کو پتہ ہے کہ لیڈر شپ اچھی ہے ۔مسلم لیگ (ن) کے رہنما بیرسٹر دانیال چودھری نے کہا اگر اس صدارتی الیکشن میں پرویز مشرف بطورصدر امیدوارہوتے تو ہمارا الیکشن بڑ ا زبردست ہوجاتا کیونکہ عمران خا ن کی ساری کابینہ میں مشرف کے لوگ ہیں، ہم کوشش کرینگے کہ مستقبل میں مل کر چلیں گے ، دروازے بند نہیں ہونگے ، ہم نے یہ نہیں کہا کہ کابینہ میں وزرا کی تعداد زیادہ ہے لیکن یہ سٹینڈرڈ پی ٹی آئی نے خود طے کیا ہے ،ہم امیدکرتے ہیں کہ اداروں کو مضبوط کرنے کیلئے تبدیلیاں لانی چاہئیں