counter easy hit

’میرا اصل نام کرن جیت ہے، سنی لیونی تو بس ایک برینڈ ہے‘

بولی وڈ اداکارہ سنی لیونی بہت اپنی سوانح حیات پر مبنی ویب سیریز ’کرن جیت کور: دی انٹولڈ اسٹوری آف سنی لیونی‘ کے ذریعے اپنی کہانی مداحوں کے ساتھ شیئر کرنے جارہی ہیں۔

37 سالہ اداکارہ کے مطابق وہ نہیں جانتی کہ لوگ ان کی زندگی کی کہانی پر کیا ردعمل ظاہر کریں گے۔

ہندوستان ٹائمز کی رپورٹ کے مطابق اداکارہ کا کہنا تھا کہ ’میں نے اس سیریز میں اپنی کہانی نہایت ایماندار سے بتانے کی کوشش کی ہے، اور اس ہی لیے مجھے ڈر بھی لگ رہا ہے کہ لوگ اس کے بارے میں کیا سوچیں گے، کیوں کہ اس فلم میں انہیں اچھا، برا اور بدتر سب نظر آئے گا‘۔

سنی نے مزید بتایا کہ ’اس میں لوگوں کو کرن جیت کور نامی لڑکی نظر آئی گی، یہ میرا اصل نام ہے، سنی لیونی تو بس ایک برینڈ ہے جو میں نے بنایا ہے، لوگوں کو جو ایک فلم، یا کسی گانے یا فوٹو شوٹ میں نظر آتی ہے وہ تو بس ایک الگ شخصیت ہے‘۔

یاد رہے کہ حال ہی میں اس سیریز کا پہلا ٹریلر بھی ریلیز ہوا تھا، جسے سوشل میڈیا پر ملے جلے ردعمل ملا۔

سنی لیونی کے علاوہ اس ویب سیریز میں راج ارجن، کرمویر لامبا، بیجے جسجت آنند، گروشا کپور، ونش پرادھان اور مارک بکنر نامی اداکار کام کرتے نظر آئیں گے۔

https://www.instagram.com/p/Bk98EADnDLc/?utm_source=ig_embed

اس ویب سیریز میں سنی لیونی کا کینیڈا میں گزارا وقت، ان کا بچپن، گھر میں معاشی پریشانی کے باعث ان کا پارن اسٹار بننا اور بھارت منتقل ہونے کے دور کو پیش کیا جائے گا۔

اس ویب سیریز کے دو سیزنز ریلیز ہوں گے، ہر سیزن میں 10 اقساط نشر کی جائیں گی۔

پہلا سیزن رواں ماہ 16 تاریخ سے نشر ہوگا۔

خیال رہے کہ 37 سالہ سنی لیونی کے پاس کینیڈا سمیت امریکی شہریت بھی ہے، ان کی پیدائش بھارتی نژاد سکھ خاندان کے ہاں کینیڈا میں ہوئی۔

انہوں نے ابتدائی طور پر کینیڈین و امریکی فحش فلموں میں قسمت آزمائی کی، جس کے بعد وہ 2012 میں پہلی بار بولی وڈ فلموں میں جلوہ گر ہوئیں۔

سنی لیونی نے بولی وڈ فلمی کیریئر کی شروعات 2012 میں ریلیز ہونے والی تھرلر فلم ’جسم 2‘ سے کی، اب تک وہ 25 سے زائد فلموں میں مرکزی اداکارہ سمیت معاون اداکارہ کے طور پر جلوہ گر ہوچکی ہیں۔

سنی لیونی کو زیادہ تر بولی وڈ فلموں میں آئٹم گانوں کے لیے کاسٹ کرنے سمیت بولڈ اداکاروں کے لیے منتخب کیا جاتا ہے۔ ان کے ہاں سروگیسی کے ذریعے 2 جڑواں بچوں کی پیدائش ہوئی، اس سے قبل انہوں نے 2017 میں ایک بچی کو بھی گود لیا تھا، ان کی شادی کینیڈین نژاد شخص سے ہوئی۔