کراچی: پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما ڈاکٹر عاصم نے نومنتخب وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی کو وزارت عظمیٰ کا حلف اٹھانے پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ شاہد خاقان عباسی بھلے آدمی ہیں، انہیں خوش آمدید کہتا ہوں، دعا ہے وہ اپنی مدت پوری کریں۔
کراچی میں احتساب عدالت کے باہر میڈیا سے بات کرتے ہوئے ڈاکٹر عاصم نے کہا کہ پاکستان مشکلات میں گھرا ہوا ہے لیکن ان مشکلات کو دور کرنے کے لئے کوئی باہر سے نہیں آئے گا بلکہ ہمیں ہی پاکستان کی مشکلات کو ختم کرنے کے لئے کردار ادا کرنا ہوگا۔ انہوں نے نو منتخب وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی کو مشورہ دیتے ہوئے کہا کہ وہ نواز شریف کے نہیں بلکہ ملک کے وزیر اعظم بن کردکھائیں، شاہد خاقان عباسی بھلے آدمی ہیں ،میری دعاہے وہ اپنی ٹرم پوری کریں۔
ڈاکٹر عاصم نے قومی احتساب کے ادارے نیب پر اپنے تحفظات ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ نیب سیاسی ادارہ ہے جو لوگوں کو تنگ کرنے کیلئے بنایا گیا ہے،نیب کے تفتیش کرنے کے انداز پر مجھے شک ہے، اسے سیاسی بلیک میلنگ کیلئے بنایا گیا ہے، نیب کے نام پر کچھ لوگ دوسروں کو پریشان کرتے ہیں ، ملک چھوڑ کر بھاگنے کے سوال پر ڈاکٹر عاصم نے بھڑکتے ہوئے کہا میں ملک چھوڑ کر بھاگنے والوں میں سے نہیں ہوں ،میرا سب کچھ پاکستان میں ہے تو ملک چھوڑ کر کیوں بھاگوں گا ۔ واضح رہے کہ ڈاکٹر عاصم پہلے بھی کئی بار نیب کو کرپشن زدہ قرار دے چکے ہیں ،انہوں نے نیب سے متعلق بات کرتے ہوئے کہا تھا کہ نیب کا سلوگن ’سے نوٹوکرپشن‘ سے تبدیل ہوکر ’سیٹ آ تھیف ٹو کیچ آ تھیف‘ ہونا چاہئے۔