بھارت میں سب نے قبول کرلیا ہے اگر کسی نے نہیں کیا تو وہ ان کا اپنا خاندان ہے
ان لوگوں کیساتھ خوش ہوں جو مجھ سے میری تمام تر اچھائیوں اور برائیوں کیساتھ محبت کرتے ہیں
بھارتی معاشرے میں کسی عورت کے لئے کامیابی کی سیڑھیاں چڑھنا مشکل ہے‘انٹرویو
ممبئی(پی ایم این ) بالی ووڈ کی بے باک کینیڈین نژاد اداکارہ سنی لیون کہتی ہیں انہیں بھارت میں سب نے قبول کرلیا ہے اگر کسی نے نہیں کیا تو وہ ان کا اپنا خاندان ہے۔اپنے ایک انٹرویو میں سنی لیون کہتی ہیں کہ ان کی زندگی کے کئی پہلو لوگ نہیں جانتے، ہر ایک کی زندگی میں کچھ ناخوشگوار چیزیں ہوتی ہیں اور ہمیں ان کے ساتھ ہی آگے بڑھنا پڑتا ہے، ایسا ہی کچھ میرے ساتھ بھی ہے۔ میرے اپنے رشتے دار مجھے پسند نہیں کرتے ، وہ مجھ سے بات کرنا بھی گوارا نہیں کرتے۔ پورے بھارت نے مجھے قبول کرلیا ہے اگر نہیں کیا تو وہ صرف اور صرف میرے رشتے دار ہیں لیکن اب مجھے اس کی کوئی پرواہ نہیں، ان کا حق ہے کہ وہ میرے بارے میں کچھ بھی سوچیں، اب میرا بھائی، شوہر، اس کے گھر والوں اور میرے دوست ہی میرا خاندان ہیں کیونکہ یہی لوگ میرے اچھے اور برے وقت میں میرے ساتھ ہیں اور میں ان لوگوں کے ساتھ خوش ہوں جو مجھ سے میری تمام تر اچھائیوں اور برائیوں کے ساتھ محبت کرتے ہیں۔سنی لیون کا کہنا تھا کہ وہ ہمیشہ استقامت اور محنت پر یقین رکھتی ہیں، سب کچھ راتوں رات نہیں ہوجاتا، کسی بھی مقام پر پہنچنے کے لئے مسلسل جدو جہد کرنا پڑتی ہے۔ وہ مانتی ہیں کہ بھارتی معاشرے میں کسی عورت کے لئے کامیابی کی سیڑھیاں چڑھنا مشکل ہے لیکن ان کا ذاتی خیال ہے کہ اگر کوئی عورت باہمت اور ذہین ہو اور اسے اپنے کام کے بارے میں بخوبی علم ہو تو اس کے لئے کوئی کام مشکل نہیں۔ بھارت اور امریکا کی طرز زندگی بالکل مختلف ہے، بلاشبہ امریکا کا معاشرہ بھارت کے مقابلے میں کافی کھلا ہے لیکن بھارت کی ثقافت اور معاشرتی اقدار اسے منفرد بناتے ہیں۔