اسلام آباد: وزیر داخلہ احسن اقبال کا کہنا ہے کہ میرے ماتحت فورس کہیں اور سے احکامات لے کر کام نہیں کر سکتی اور نہ ہی ایک ریاست میں دو ریاستیں چل سکتیں۔
احتساب عدالت میں داخلے کی اجازت نہ ملنے پر احاطہ عدالت میں پریس کانفرنس کے دوران وفاقی وزیر داخلہ احسن اقبال کا کہنا تھا کہ ملک اس طرح نہیں چلے گا، میرے ماتحت فورس کہیں اور سے احکامات لے کر کام نہیں کرسکتی اور نہ ہی ایک ریاست میں دو ریاستیں چل سکتیں ہیں۔ احسن اقبال کا کہنا تھا کہ رینجرز سول انتظامیہ کے ماتحت کام کرنے کی پابند ہے، جس شخص نے بھی یہ حکم دیا اس کے خلاف کارروائی ہوگی، نا تو چیف کمشنر نے آرڈر دیا اور نا ہی میں نے، تو پھر رینجرز نے کس کے حکم پر مداخلت کی۔ قانون کی پاسداری کرتے ہوئے نواز شریف نے خود کو احتساب کے عمل میں شریک کیا لہذا اب یہ نواز شریف کا حق ہے کہ ان کے ساتھ وکلا اور ساتھی عدالت جاسکیں۔