لندن: وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نیویارک سے لندن پہنچ گئے جب کہ (ن) لیگ کی دیگر قیادت نے بھی لندن میں ہی ڈیرے ڈال رکھے ہیں۔
وزیراعظم شاہد خاقان عباسی لندن میں آج سابق وزیراعظم میاں نوازشریف سے ملاقات کریں گے۔ وزیر خزانہ اسحاق ڈار اور مریم نواز پہلے سے ہی لندن میں موجود ہیں جب کہ شہبازشریف بھی لندن کے لیے روانہ ہوگئے ہیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ لندن میں نوازشریف کے ساتھ پارٹی رہنماؤں کا اہم مشاورتی اجلاس ہوگا جس میں ملک کی موجودہ سیاسی صورتحال ،نیب کیسز، عدالتی مقدمات پر غور ہوگا جب کہ اجلاس میں پارٹی صدارت سے متعلق فیصلے متوقع ہیں۔
ذرائع نے بتایا کہ اجلاس میں احتساب عدالتوں میں پیش ہونے یا نہ ہونے سے متعلق بھی فیصلہ کیا جائے گا۔ ذرائع کے مطابق (ن) لیگ کو بہت جلد بہت سے اہم امور نمٹانے ہیں، پارٹی کے مستقل صدر کا فیصلہ کرنا ہے اور تنظیمی امور پر غور کرنا ہے واضح رہے کہ شریف خاندان اور اسحاق ڈار کو نیب ریفرنسز میں احتساب عدالت نے طلب کر رکھا ہے اور عدم پیشی پر گھر کے دروازوں پر نوٹس لگارکھے ہیں۔ حکومت نے کل ہی قانون بنوایا کہ آرٹیکل 62،63 کے تحت نا اہل شخص بھی پارٹی سربراہ ہوسکتاہے، لیکن اپوزيشن کے سیاسی رہنماؤں نے اسے بھی عدالتوں میں چلینج کرنے کا اعلان کردیا ہے۔