این اے 120: صفائی کا ناقص انتظام، پی پی کے ا میدوار نے جھاڑو سنبھال لیا
لاہور کے ضمنی انتخابی حلقے میں صفائی کے ناقص انتظامات پر پیپلز پارٹی کے امیدوار فیصل میر نے احتجاج کا انوکھا انداز اختیار کر لیا، حلقے کی سڑکوں کی صفائی کے لئے خود جھاڑو اٹھا کر میدان میں آ گئے، فیصل میر کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ ن نے حلقے کو کوڑے کا ڈھیر بنا دیا ہے۔
لاہور: (یس اردو نیوز) ضمنی انتخاب کا میدان دلچسپ مناظر پیش کرنے لگا۔ این اے 120 میں صفائی کی صورتحال پر پیپلز پارٹی کے امیدوار نے احتجاج کا انوکھا طریقہ اختیار کیا۔ پیپلز پارٹی کے امیدوار فیصل میر احتجاجاً خود صفائی مہم میں پر نکل پڑے۔ فیصل میر نے حلقے کی گلیوں میں جھاڑو مہم شروع کر دی۔ خود بھی کوڑا اٹھایا۔ پیپلز پارٹی کے امیدوار کا کہنا تھا کہ ن لیگ نے این اے 120 کو کوڑے کا ڈھیر بنا دیا ہے۔
دوسری طرف پولیس نے پیپلز پارٹی کے امیدوار فیصل میر کو سکیورٹی فراہم کر دی ہے۔ فیصل میر کی سکیورٹی پر چھ پولیس اہلکار تعینات کر دیئے گئے ہیں۔
فیصل میر نے حلقے کی گلیوں میں جھاڑو مہم شروع کردی، خود بھی کوڑا اٹھایا، پیپلزپارٹی کے امیدوارفیصل میرنے کہا کہ(ن)لیگ نے این اے 120 کو کچرے کا ڈھیر بنا دیا ہے ، فیصل میر نے کہا کہ کرپشن کے گاڈ فادر نواز شریف کا سیاسی مستقبل ختم ہو چکا ہے ، ضمنی الیکشن میں ہمارا مقابلہ ن لیگ سے نہیں وفاقی و پنجاب حکومت اور پولیس سے ہے کیونکہ یہ سب ایک ہیں، انہوں نے اسلام پورہ عمر روڈ کی یوسی65میں ضمنی انتخابی مہم کے سلسلے میں ڈور ٹو ڈور مہم کے دوران ووٹرز سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ (ن) لیگ30 برس سے پنجاب میں حکمرانی کر رہی ہے مگر آج بھی صوبے میں جرائم، مہنگائی ،بے روزگاری جیسے مسائل کیساتھ ساتھ عوام کو صحت اور تعلیم جیسی بنیادی سہولتیں میسر نہیں ، اس سے بڑی ان کی ناکامی کیا ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ (ن) لیگ کرپشن کی علامت بن چکی اور آنیوالی حکومت صرف پیپلز پارٹی کی ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ (ن) لیگ لاہور کے ضمنی انتخاب میں کامیابی کیلئے خزانے کے منہ کھول چکی ہے اور حکومتی وزرا لوگوں کو نوکریوں کے جعلی نوٹی فکیشن دیکر بے وقوف بنانے کی کوشش کر رہے ہیں۔