لاہور: این اے 120 میں ضمنی انتخاب کے لیے ریٹرننگ افسر نے پولنگ اسکیم جاری کردی۔
میاں نوازشریف کی نااہلی کے بعد خالی ہونے والی قومی اسمبلی کی نشست این اے 120 پر ضمنی انتخاب 17 ستمبر کو ہوگا جس کے لیے کلثوم نواز مسلم لیگ (ن) کی امیدوار ہیں اور تحریک انصاف نے یاسمین راشد کو ان کے مدمقابل کھڑا کیا ہے جب کہ فیصل میر پیپلزپارٹی کے امیدوار ہیں۔ ریٹرننگ افسر محمد شاہد نے حلقے میں ضمنی انتخاب کے لیے پولنگ اسکیم جاری کردی جو امیدواروں اور میڈیا نمائندوں کو بھی فراہم کردی گئی ہے۔ ریٹرننگ افسر کی پولنگ اسکیم کے مطابق حلقے میں ضمنی انتخاب کے لیے مجموعی طور پر 220 عمارتوں میں پولنگ اسٹیشن قائم کیے گئے ہیں جن میں 120 عمارتوں میں مردانہ، 98 میں خواتین اور 19 عمارتیں ایسی ہیں جن میں قائم پولنگ اسٹیشنوں میں مردو خواتین ووٹ ڈال سکیں گے۔
انتخاب کے لیے بیلٹ پیپرز کو بھی حتمی شکل دے دی گئی ہے جس کی چھپائی 10 ستمبر سے شروع ہوگی۔ بیلٹ پیپر پر تحریک انصاف کی یاسمین راشد کا 15، پیپلزپارٹی کے فیصل میر کا 29 اور مسلم لیگ (ن) کی کلثوم نواز کا 31 واں نمبر ہے۔ حلقے میں کل 3 لاکھ 21 ہزار 786 رجسٹرڈ ووٹرز 17 ستمبر کو اپنا حق رائے دہی استعمال کریں گے۔ واضح رہے کہ کلثوم نواز کی بیماری کے باعث ان کی مہم مریم نواز چلا رہی ہیں۔