کراچی میں قومی اسمبلی کے حلقے این اے 245 اور پی ایس 115 کے ضمنی الیکشن کی انتخابی مہم جاری ہے، این اے 245 میں ایم کیو ایم کے محمد کمال ملک اور پی ٹی آئی کے امجد اللہ خان کے درمیان مقابلہ متوقع ہے۔
کراچی: (یس اُردو) قومی اسمبلی کے حلقے این اے 245 اور پی ایس 115 کے ضمنی الیکشن کی انتخابی مہم جاری ہے۔ انتخابی حلقوں میں ایم کیو ایم اور پی ٹی آئی کےامیدواروں کے علاوہ دیگر امیدواروں کے کیمپ بھی قائم ہیں۔ این اے 245 کے حلقے میں ایم کیوایم اور پی ٹی آئی بھر پور مہم چلا رہی ہیں۔ آل پاکستان مسلم لیگ کے امیدوار سید نوید عزیز کی انتخابی مہم کے سلسلے میں آج سخی حسن چورنگی پر جلسے کا انتظام کیا گیا۔
نارتھ ناظم آباد اور ناظم آباد کے چند علاقوں پر مشتمل این اے 245 میں 16 امیدوار ہیں جن میں ایم کیو ایم کے محمد کمال ملک، پی ٹی آئی کے امجد اللہ خان، آل پاکستان مسلم لیگ کے سید نوید عزیز، پیپلز پارٹی کے شاہد حسین، پاسبان کے عبد الحکیم اور جے یو آئی کے مولانا عبد الرشید شامل ہیں۔لائنز ایریا اور پی سی ایچ ایس کے بعض علاقوں پر مشتمل پی ایس 115 میں 14 امیدوار مقابل ہیں۔ ان میں ایم کیو ایم کے فیصل رفیق، پی ٹی آئی کے امجد آصف، پیپلز پارٹی کے سعید چاولہ اور جے یو آئی کے احسان اللہ ہزاروی شامل ہیں۔ انتخابی مہم 5 اپریل کو رات بارہ بجے ختم ہو گی جبکہ پولنگ 7 اپریل کو صبح 8 بجے سے شام 5 بجے تک کسی وقفے کے بغیر ہو گی۔