کراچی (ویب ڈیسک) کراچی کی دو نشستوں پر ضمنی الیکشن کا معرکہ اتوار کو ہوگا ، دونوں حلقوں میں تحریک انصاف، ایم کیوایم اور پیپلزپارٹی میں کانٹےکامقابلہ متوقع ہے۔ تفصیلات کے مطابق کراچی میں صدرمملکت عارف علوی اورگورنرعمران اسماعیل کی چھوڑی نشستوں پرضمنی الیکشن کا دنگل سجنے والا ہے، این اے 247 اور
سندھ اسمبلی کے حلقے پی ایس 111 میں پولنگ اتوار کو ہوگی۔ کراچی کی دو نشستوں پر ضمنی الیکشن کے لئے انتخابی مہم کا آج آخری روز ہے، رات بارہ بجے کے بعد انتخابی مہم چلانے پر پابندی ہوگی۔ قومی اسمبلی کی نشست این اے 247 پر آفتاب حسین صدیقی کپتان کے کھلاڑی ہیں، پیپلز پارٹی نے معروف اداکارقیصرنظامانی کومیدان میں اتارا ہے جبکہ صادق افتخارایم کیوایم کے امیدوارہیں۔ پی ایس پی بھی قسمت آزمائے گی، ڈپٹی مئیرکراچی ارشد وہرہ مصطفی کمال کے امیدوار ہیں۔ پی ایس ایک سوگیارہ میں پندرہ امیدوارآمنے سامنے ہیں، پی ٹی آئی کے شہزاد قریشی، پیپلزپارٹی کے فیاض پیرزادہ اورایم کیوایم کے جہانزیب مغل میں کانٹے کا مقابلہ متوقع ہے۔ دونوں حلقوں میں سات لاکھ بائیس ہزار سے زائدووٹرز کے لئے تین سوبیس پولنگ اسٹیشنز بنائے گئے ہیں۔ دوسری جانب الیکشن کمیشن نے 21 اکتوبر کو ضمنی انتخابات کے لیے سہولت سینٹر قائم کردیا ہے، سہولت سینٹر 21اکتوبر کو صبح8 سے شام 6بجے تک کام کرے گا اور متعلقہ حلقوں کےشہری تفصیلات حاصل کرسکیں گے۔ خیال رہے دو ہزار تیرہ کے انتخابات سے ہی این اے دو سو سیتنالیس تحریک انصاف کا مضبوط حلقہ بن چکا ہے، ڈاکٹر عارف علوی اس حلقے سے دوبار کامیاب قرار پائے صدر مملک بننے کے بعد انہوں نے یہ نشست خالی کی۔ گورنر سندھ عمران اسماعیل صوبائی نشست پی ایس ایک سو گیارہ سےمنتخب ہوئے تھے تاہم گورنر سندھ بننے کے بعد انہوں یہ نشست خالی کی تھی۔