لاہور (یس ڈیسک) این اے 125 دھاندلی کیس میں نادرا نے 125 صفحات پر مشتمل رپورٹ ٹربیونل کو جمع کروا دی۔ رپورٹ کے مطابق 5 پولنگ اسٹیشنز کے متعدد ووٹوں کی تصدیق نہیں ہو سکی۔
جعلی ووٹ کاسٹ کیے گئے اور شناختی کارڈ نمبر بھی جعلی ہیں۔ پولنگ اسٹیشن 5، 6، 98، 107، 110 پر 1254 ووٹوں میں 280 جعلی نکلے۔ روپورٹ میں یہ بھی کہا گیا کاونٹرز فائلوں پر شناختی کارڈکے نمبر بھی جعلی پائے گئے۔
پولنگ اسٹیشن نمبر 6 میں ایک ایک شخص نے چھ، چھ بار ووٹ کاسٹ کیے۔ پولنگ اسٹیشن نمبر 98 میں 12 افراد نے دو دو بار ووٹ کاسٹ کیے۔ ووٹوں کی تصدیق خواجہ سعد رفیق اور حامد خان کے وکلا نے متفقہ طور پر کروائی۔ این اے 125 سے تحریک انصاف کے امیدوار حامد خان کا کہنا ہے عمران خان شروع دن سے چار حلقوں کی تحقیقات کا مطالبہ کر رہے ہیں۔
نادرا رپورٹ سے کپتان کا موقف درست ثابت ہو گیا۔ سابق سیکریٹری الیکشن کمیشن کنور دلشاد کے مطابق نادرا کی رپورٹ پر سیکشن 67 کے تحت جیتنے والا امیدوار نااہل بھی ہو سکتا ہے۔