لاہور(ویب ڈیسک )مسلم لیگ ن کے رہنما عابد شیر علی نے این اے 108 فیصل آباد سے پی ٹی آئی کے کامیاب امیدوار فرخ حبیب کی کامیابی چیلنج کردی۔میڈیا رپورٹس کے مطابق عابد شیر علی نے لاہور ہائیکورٹ میں انتخابی عذرداری دائرکردی ہے جس میں این اے 108فیصل آبادمیں انتخابات کی شفافیت پراعتراضات اٹھائے گئے ہیں ،عابد شیر علی نے عدالت سے استدعاکی ہے کہ فرخ حبیب کی کامیابی کانوٹیفکیشن کالعدم قراردیاجائے۔واضح رہے کہ عام انتخابات میں تحریک انصاف کے فرخ حبیب نے مسلم لیگ ن کے عابد شیر علی کو شکست دی تھی۔واضح رہے کہ فیصل آباد سے حلقہ این اے 108کی دوبارہ گنتی میں بھی پی ٹی آئی کے فرخ حبیب کی کامیابی برقرار رہی معلوم ہوا ہے کہ 220پولنگ اسٹیشنز پر دوبارہ گنتی کی گئی جن میں ن لیگ کے امیدوار عابد شیر علی کے ووٹوں میں اضافہ نہ ہو سکا بلکہ پوسٹل ووٹوں کی گنتی میں بھی فرخ حبیب کو 134ووٹ ملے جبکہ مخالف ن لیگی امیدوار عابد شیر علی کو صرف 36ووٹ ملے. 220پولنگ اسٹیشنز میں گنتی کے دوران جب عابد شیر علی کے ووٹوں میں کوئی اضافہ نہ ہو سکا تو ریٹرننگ آفیسر نے باقی پولنگ اسٹیشنز میں گنتی روک دی مگر عابد شیر علی بھی بضد تھے کہ باقی پولنگ اسٹیشنز بھی کھولے جائیں مگر ریٹرننگ آفیسر نے مزید گنتی کی درخواست مسترد کر دی عابد شیر علی کا موقف تھا کہ ان کے ساتھ دھاندلی اورناانصافی کی گئی ہے جبکہ پی ٹی آئی کے فرخ حبیب کا موقف تھا کہ عابد شیر علی نے اپنے سامنے ایک ایک بیلٹ پیپرز خود چیک کئے مگر ان کے ووٹ نہ بڑھ سکے اوریہ بات سامنے آ گئی کہ اس حلقہ میں کوئی دھاندلی نہیں کی۔