لاہور(ویب ڈیسک)قومی احتساب بیورو (نیب) نے سابق وزیرِ اعلیٰ پنجاب شہباز شریف کے بیٹوں کو کل طلب کر لیا۔تفصیلات کے مطابق نیب کی جانب سے حمزہ شہباز اور سلمان شہباز کو آمدن سے زائد اثاثہ جات کیس میں کل پھر طلب کر لیا گیا ہے۔حمزہ شہباز اثاثہ جات کی تفصیل کے
ساتھ نیب میں پیش ہوں گے۔سلمان شہباز ملک سے باہر ہیں جب کہ حمزہ شہباز اثاثہ جات کی تفصیل کے ساتھ نیب میں پیش ہوں گے، نیب نے گزشتہ ہفتے حمزہ شہباز کو طلب کیا تھا لیکن سیکورٹی خدشات پر وہ پیش نہیں ہو سکے تھے۔2 نومبر کو عدالت میں پیش نہ ہونے پر ان کا مؤقف تھا کہ وہ شہر کے حالات کی وجہ سے نیب میں پیش نہیں ہوئے۔ جس پر نیب کی جانب سے حمزہ شہباز اور سلمان شہباز کو دوبارہ طلبی کا نوٹس جاری کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔یاد رہے کہ نیب کی جانب سے دونوں بھائیوں کو 30 اکتوبر کو بھی طلب کیا گیا تھا، مگر وہ نیب ٹیم کے سامنے پیش نہیں ہوئے تھے۔قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر شہباز شریف کے دونوں بیٹوں پر سرکاری خزانے کے غیر قانونی استعمال کا الزام ہے۔ حمزہ شہباز نے گزشتہ پیشی پر ضمانت قبل از گرفتاری کی درخواست بھی دی تھی، درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا تھا کہ سیاسی نوعیت کے مقدمے میں نیب کی جانب سے گرفتار کیے جانے کا خدشہ ہے۔لاہور ہائی کورٹ نے حمزہ شہباز کی 13 نومبر تک حفاظتی ضمانت منظور کرتے ہوئے نیب کو انھیں آئندہ سماعت تک گرفتار نہ کرنے کا حکم دیا تھا۔