نیب لاہور نے آشیانہ اقبال ہاؤسنگ اسکینڈل کی تحقیقات کا دائرہ وسیع کرتے ہوئے لاہور ڈیولپمنٹ اتھارٹی (ایل ڈی اے) کے چیف انجینئر اسرار سعید کو آج ریکارڈ سمیت طلب کرلیا۔
لاہور: (ویب ڈیسک) نیب لاہور کی جانب سے چیف انجینئر ایل ڈی اے اسرار سعید کو نوٹس جاری کیا گیا ہے، جس میں وضاحت طلب کی گئی ہے کہ ایل ڈی اے نے کس طریقہ کار کے تحت منصوبے کے ٹھیکیداروں کا انتخاب کیا اور کیا تمام قوائد پورے کئے گئے۔مزید کہا گیا کہ اس بات کا بھی جواب دیا جائے کہ ایل ڈی اے نے پیراگون سٹی کو ٹھیکہ کن شرائط پر دیا۔نوٹس میں اس الزام کی بھی وضاحت طلب کی گئی ہے کہ آشیانہ اقبال ہاؤسنگ اسکیم میں مبینہ طور پر 200 کنال اراضی ایک اہم شخصیت کے فرنٹ مین کو آلاٹ کی گئی۔گذشتہ ماہ 22 جنوری کو نیب نے وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف کو بھی آشیانہ ہاؤسنگ اسکیم میں مبینہ کرپشن کے معاملے کی پوچھ گچھ کے لیے طلب کیا تھا۔