لاہور: آمدن سے زائداثاثہ جات اور مبینہ منی لانڈرنگ کیس میں نیب نے اپوزیشن لیڈر پنجاب اسمبلی حمزہ شہباز کے خلاف چارج شیٹ تیار کر لی، نیب پراسیکیوشن ٹیم حمزہ شہبازسے ہونے والی تحقیقات سےعدالت کو آگاہ کرے گی۔
تفصیلات کے مطابق نیب نے اپوزیشن لیڈر پنجاب اسمبلی کی ضمانت خارج کرانےکی تیاری کر لی اور حمزہ شہباز کے خلاف چارج شیٹ تیار کرلی ہے۔نیب پراسیکیوشن ٹیم حمزہ شہباز سے ہونے والی تحقیقات سے عدالت کو آگاہ کرے گی جبکہ شہباز شریف خاندان کے مبینہ فرنٹ مینوں سے تحقیقات سے آگاہ کیا جائے گا۔ نیب کی جانب سے حمزہ شہباز پر تحقیقات میں عدم تعاون کا الزام لگایا جائے گا۔ ہائی کورٹ سےضمانت حاصل کرنے کے بعد حمزہ شہباز کی نیب میں پیشوں کی رپورٹ بھی تیار کر لی گئی ہے، جس میں کہا گیا ہائی کورٹ سے ضمانت حاصل کرنے کے بعد نیب نے حمزہ شہباز کو متعدد بار طلب کیا، نیب ٹیم نے حمزہ شہباز کا گزشتہ طلبی پر شام 6بجے تک انتظار کیا تھا۔ ذرائع کا کہنا ہے پہلے بھی حمزہ شہباز نیب کی تفتیشی ٹیم سےعدم تعاون کرتے رہے، نیب ٹیم نے حمزہ شہباز سے سوالات کئے لیکن وہ مناسب جواب نہ دے سکے، مشکوک ٹرانزیکشن کے حوالےسے حمزہ شہباز سورس آف انکم نہیں بتا سکے۔ ذرائع کے مطابق حمزہ شہباز حاصل کیے گئے گفٹ سےمتعلق بھی جواب نہیں دے سکے جبکہ انھوں نے اثاثوں، مبینہ منی لانڈرنگ سے متعلق ریکارڈ بھی نامکمل فراہم کیا۔ خیال رہے منی لانڈرنگ اور آمدن سے زائد اثاثوں پر شریف فیملی کے خلاف تحقیقات مختلف زاویوں سے جاری ہیں، شریف خاندان پر الزام ہے کہ 1999 میں اُن کے اثاثہ جات کی مالیت پانچ کروڑ چھتیس لاکھ تھی جبکہ 2019 تک اُن میں سوا تین ارب روپے کا اضافہ ہوا۔
واضح رہے کہ 6 اپریل کو آمدن سے زائد اثاثہ جات کیس اور منی لانڈرنگ کیس میں نیب نے دو بار حمزہ شہباز کی گرفتاری کے لئے ان کے گھر پر چھاپہ مارا تھا تاہم نیب انھیں گرفتار کرنے میں ناکام رہی تھی۔ بعدازاں حمزہ شہباز نے گرفتاری کے ڈر سے آمدن سے زائد اثاثہ جات کیس، رمضان شوگر ملز اور صاف پانی کیس میں لاہور ہائی کورٹ سے عبوری ضمانت حاصل کر لی تھی۔