سابق وزیر اعظم نواز شریف کے خلاف تحقیقات کے سلسلے میں نیب نے نواز شریف کی بطور وزیر اعظم قومی اسمبلی میں تقریر اور حسین نواز ومریم نواز کے ٹی وی انٹرویوز کی تفصیلات مانگ لیں ۔ڈی جی نیب لاہور آفس کی جانب سے ڈی جی ڈائریکٹوریٹ آف الیکٹرانک میڈیا اینڈ پبلی کیشن کو خط لکھا گیا ہے ۔یہ خط ایون فیلڈ پراپرٹیز لندن سے متعلق نوازشریف، مریم نواز ، حسین نواز، حسن نواز اور کیپٹن ریٹائرڈ صفدر کے خلاف تحقیقات کے تناظر میں لکھا گیا ہے ۔خط میں کہا گیا کہ سپریم کورٹ کے حکم پر عمل درآمد کرتے ہوئے نیب لاہور نے ان الزامات کے تحت اسلام آباد کی احتساب عدالت میں ریفرنس دائرکیا ہے ۔ خط میں نوازشریف کے بطور وزیراعظم قومی اسمبلی سے 5 اپریل 2016 اور 16 مئی 2016 کے خطاب کی تفصیلات مانگی گئی ہیں۔اس کے علاوہ حسین نواز اور مریم نوازکے ٹی وی چینلز کو دیے گئے انٹرویوز کی مصدقہ کاپی بھی فراہم کرنے کو کہا گیا ہے ۔ یہ تمام تفصیلات 26 دسمبرکو نیب لاہور میں دینے کو کہا گیا ہے۔