اسلام آباد: احتساب عدالت میں شریف فیملی کے خلاف ایون فیلڈ پراپرٹیز ریفرنس کی سماعت جاری ہے۔
احتساب عدالت کے جج محمد بشیر کی سربراہی میں شریف فیملی کے خلاف ایون فیلڈ پراپرٹیز ریفرنس کی سماعت جاری ہے، سابق وزیراعظم نواز شریف، صاحبزادی مریم نواز اور داماد کیپٹن صفدر احتساب عدالت میں موجود ہیں۔ سماعت کے موقع پر استغاثہ کے گواہ واجد ضیاء پر خواجہ حارث کی جرح جاری ہے جب کہ اس موقع پر نیب پراسیکیوٹر اور خواجہ حارث کے درمیان تلخ کلامی بھی ہوئی۔
ڈپٹی پراسیکیوٹر جنرل نیب کا کہنا تھا کہ خواجہ حارث گواہ سے غیر ضروری سوالات پوچھ رہے ہیں، ملازمت سے متعلق ملزم نواز شریف تسلیم کرچکے ہے، نیب پراسیکیوٹر نے کہا کہ کیا آپ ملازمت کی دستاویز ماننے سے انکار کرتے ہیں، آپ کہیں کہ ملزم نے ملازمت نہیں کی لہذا خواجہ حارث غیر ضروری سوالات سے اجتناب کریں اور اگر وکیل صفائی کے پاس کوئی سوال نہیں تو جرح ختم کردیں۔