کراچی (جیوڈیسک) وزیر بلدیات سندھ شرجیل انعام میمن نے مختلف جماعتوں کے رہنماوں کی پیپلز پارٹی میں شمولیت کے حوالے سے کراچی میں پریس کانفرنس کی۔ اس موقع پر شرجیل میمن نے کہا ہے کہ شہید بھٹو گروپ، جے یو آئی، اے این پی ، تحریک انصاف اور پاسبان سمیت کئی جماعتوں کے 28 مقامی عہدیداران نے پیپلز پارٹی میں شمولیت کا اعلان کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ نبیل گبول پیپلزپارٹی میں شمولیت اختیار کرنے کے لیے رابطے کر رہے ہیں تاہم ان کی شمولیت کے لیے پارٹی نے ابھی کوئی فیصلہ نہیں کیا۔ شرجیل میمن کا کہنا تھا کہ غیر قانونی شادی ہالز کو بغیر کسی امتیاز کے بااثر افراد کے شادی ہالز گرانے کا سلسلہ جاری ہے اور اب تک ستر کے قریب غیر قانونی ہالز گرائے جا چکے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی کے ایک رہنما کا شادی ہال گرانے کے دوران پیپلز پارٹی کے بہت سے رہنماوں کے فون آئے۔ شرجیل میمن کا کہنا تھا کہ حلقہ این اے 246 میں ماضی کے مقابلے میں کم ووٹ پڑیں گے۔
عمران خان کی کراچی آمد پر ان کی سکیورٹی کے لیے پورے شہر کی آدھی فورس تعینات کی گئی تھی۔ انہوں نے کہا بلدیاتی انتخابات کے سلسلے میں لیاری میں ایک بڑا جلسہ بھی منعقد کیا جائے گا۔