قومی احتساب بیورو (نیب) نے سندھ میں کارروائیاں جاری رکھنے کا اعلان کیا ہے۔
NAB’s announcement to continue operations in Sindh
سندھ حکومت نے صوبے کے سرکاری محکموں میں کرپشن کی تحقیقات میں نیب کا اختیار ختم کرنے سے متعلق بل منظور کیا ہے جس کےبعد نیب کرپشن کی تحقیقات کا مجاز نہیں ہوگا۔ نیب کے سینئر ترجمان کا مؤقف ہے کہ نیب کسی بھی صوبائی قانون کا ماتحت نہیں اسی لیے سندھ میں نیب آرڈیننس 1999ء کے تحت کارروائیاں جاری رہیں گی۔ ترجمان کا کہنا تھا کہ نیب کو سندھ میں کارروائیوں سے روکنے کے احکامات جاری کرنے کے ساتھ، سندھ حکومت نے جمعرات کو نیب کے صوبائی دفاتر سے سندھ پولیس کے اہلکاروں کو واپس بلانے کے اقدامات شروع کردیئے۔
نیب ترجمان نے واضح کیا کہ نیب وفاق کے ماتحت ادارہ ہے اس لیے اس کی اتھارٹی اور اختیارات کسی صوبائی قانون کے ذریعے ختم یا محدود نہیں کیے جا سکتے۔ واضح رہے کہ قومی احتساب بیورو آرڈیننس 1999 کو سندھ میں منسوخ کرنے کیلئے گزشتہ ماہ دو مرتبہ قانون منظور کیا گیا، گورنر سندھ محمد زبیر نے اسمبلی سے منظور اس بل پر دستخط کرنے سے انکار کردیا تھا تاہم جمعرات کو یہ صوبائی اسمبلی کا ایکٹ بن گیا جس سے صوبائی معاملات میں نیب کا کردار ختم ہوجائے گا۔