اسپین کے ٹینس اسٹار رافیل نڈال نے یوایس اوپن کے فائنل میں جنوبی افریقہ کے کیون اینڈرسن کو شکست دے کر عالمی درجہ بندی میں پہلی پوزیشن حاصل کرلی۔نیویارک کے آرتھر آشے اسٹیڈیم میں کھیلے گئے فائنل میں رافیل نڈال نے اینڈرسن کو 6-3، 6-3 اور 6-4 سے شکست دے کر کیریئر کا 16 واں گرینڈ سلیم اپنے نام کیا تھا۔
ہسپانوی اسٹار نے 19 میجرٹورنامنٹ میں کامیابی حاصل کی ہے اور عالمی درجہ بندی میں پہلی پوزیشن برطانیہ کے اینڈی مرے سے چھین لی ہے۔دوسری جانب سوئٹزرلینڈ کے اسٹار کھلاڑی روجر فیڈرر نے بھی اپنی درجہ بندی کو بہتر کرتے ہوئے دوسری پوزیشن حاصل کی ہے اور یوں 2011 کے بعد دونوں اسٹارز پہلی مرتبہ سرفہرست پوزیشن میں آگئے ہیں۔36 سالہ سوئس اسٹار فیڈرر کو یوایس اوپن کے کوارٹر فائنل میں مارٹن ڈیل پوٹرو نے اپ سیٹ شکست دے کر ٹورنامنٹ سے باہر کیا تھا۔خیال رہے کہ سابق عالمی نمبرایک اینڈی مرے زخمی ہونے کے باعث ٹورنامنٹ سے دست بردار ہوگئے تھے۔
درجہ بندی میں بہتر پوزیشن حاصل کرنے والے کھلاڑیوں میں جرمنی کے نوجوان اسٹار الیگزینڈر زیوریو نے کیریئر کا بہترین چوتھا نمبر حاصل کیا ہے۔یو ایس اوپن کے فائنل میں رافیل نڈال کے مقابل آنے والے کیون پیٹرسن 17 ویں سے 15 ویں نمبر پر آگئے ہیں جبکہ پابلو کارینو بستا نے پہلی مرتبہ سرفہرست دس کھلاڑیوں میں جگہ بنالی ہے۔کروشیا کے مارین سلیک پانچویں، سابق عالمی نمبرایک سربیا کے نوواک جوکووچ چھٹے اور آسٹریا کے ڈومینیک تھیم نے ساتویں پوزیشن حاصل کی ہے۔ٹینس کے سرفہرست دس کھلاڑیوں میں سوئٹزرلینڈ کے اسٹین واورینکا آٹھویں، بلغاریہ کے گریگور ڈیمیتروف نویں اور اسپین کے کارینو بستا دسویں نمبر پر موجود ہیں۔