نیشنل رجسٹریشن اینڈ ڈیٹا بیس اتھارٹی (نادرا) نے سوشل میڈیا پر پھیلی ان افواہوں کی تردید کردی جس میں بیرونِ ملک مقیم پاکستانیوں کو آن لائن ووٹنگ کے ذریعے انتخابات 2018 کی رائے شماری میں حصہ لینے کی ترغیب دی جارہی ہے۔
واضح رہے کہ سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والے جعلی اشتہار میں بتایا گیا تھا کہ الیکشن کمیشن آف پاکستان نے نادرا کے تعاون سے بیرونِ ملک مقیم پاکستانیوں کے لیے آن لائن ووٹنگ کا نظام وضع کیا ہے۔
اشتہار میں یہ بھی کہا گیا کہ بیرونِ ملک مقیم پاکستانیوں کے آن لائن رائے شماری میں حصہ لینے کے لیے قومی شناختی کارڈ، مشین ریڈ ایبل پاسپورٹ اور ای میل ایڈریس کی ضرورت ہوگی۔
اس کے ساتھ اشتہار میں تفصیلی طور پر دیگر معلومات فراہم کرنے کے لیے بھی کہا گیا جبکہ اس اشتہار کو شیئر کرنے پر بھی زور دیا گیا، جس کے بعد لوگوں نے بغیر تصدیق کیے اس کو شیئر کر کے وائرل کردیا۔
دوسری جانب نادرا نے ان افواہوں کی سختی سے تریدد کی اور کہا کہ سماجی رابطوں کی ویب سائٹس پر آن لائن ووٹنگ کے حوالے سے وائرل ہونے والا اشتہارگمراہ کن ہے، سمندر پارپاکستانیوں کی آن لائن ووٹنگ کا تاحال کوئی فیصلہ نہیں ہوا۔
اس ضمن میں سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر ٹویٹس کے ذریعے نادرا کی جانب سے بیان جاری کیا گیا کہ 25 جولائی کو ہونے والے انتخابات میں نادرا کی جانب سے بیرونِ ملک مقیم پاکستانیوں کو آن لائن ووٹنگ کی سہولت فراہم نہیں کی جارہی۔
اوورسیز پاکستانی عام انتخابات میں آن لائن ووٹ نہیں ڈال سکیں گے، نادرا
سوشل میڈیا پر چلنے والی مہم گمراہ کن ہے، نادرا
— NADRA (@NadraMedia) July 18, 2018
بیان میں مزید کہا گیا کہ اس حوالے سے مقدمہ سپریم کورٹ میں زیر سماعت ہے جس کی آئندہ سماعت الیکشن کے بعد ہوگی جبکہ حالیہ انتخابات میں سمندر پار پاکستانی آن لائن ووٹ نہیں ڈال سکتے، ووٹ ڈالنے کے لیے انہیں پاکستان آنا ہوگا۔ اسی ضمن میں کی گئی ایک اور ٹویٹ میں بتایا گیا کہ آن لائن ووٹنگ کا تجربہ متوقع طور پر ضمنی انتخابات میں کیا جاسکتا ہے، لیکن ابھی سوشل میڈیا پر مہم کے ذریعے سمندر پار پاکستانیوں کو گمراہ کیا جارہا ہے۔