پاکستان تحریک انصاف کے رہنما نعیم الحق نے عائشہ گلالئی سے شادی سے متعلق بات چیت کی تصدیق کردی ہے۔
Naeem ul Haq confirmed Ayesha Gulalai marriage conversation
تحریک انصاف کی منحرف رہنما عائشہ گلالئی نے گزشتہ روز جیونیوز کے پروگرام کیپٹل ٹاک میں میزبان حامد میر سے گفتگو میں انکشاف کیا کہ عمران خان نے انہیں شادی کا اشارہ دیا اور تنہائی میں ملنے کا اصرار کرتے رہے۔ اب تحریک انصاف کے رہنما نعیم الحق کی جانب سے بھی عائشہ گلالئی سے شادی سے متعلق بات چیت کی تصدیق کی گئی ہے جو انہوں نے ٹوئٹ کے ذریعے کی۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنی ٹوئٹ میں نعیم الحق نے کہا کہ کیا مجھے عائشہ گلالئی سے شادی سے متعلق بات چیت کرنے پر معافی مانگنی چاہیے؟ انہوں نے کہا کہ نہیں میں ایسا نہیں سمجھتا کہ اس میں کچھ غلط ہے۔
نعیم الحق نے دوسری ٹوئٹ میں کہا کہ یہ عائشہ گلالئی کے لیے باضابطہ کوئی شادی کا پیغام نہیں تھا جب کہ انہوں نے (عائشہ گلالئی) نے خود کہا کہ یہ عاصمہ شیرازی کے شو میں صرف ایک عام بات چیت تھی۔ واضح رہے کہ عائشہ گلالئی نے چیرمین تحریک انصاف عمران خان پر سنگین الزامات عائد کیے ہیں جس میں ان کا کہنا تھا کہ عمران خان کے ہوتے پارٹی میں خواتین کی عزت محفوظ نہیں اور عمران خان ایک بدکردار انسان ہیں۔