اسلام آباد (ویب ڈیسک) پاکستان تحریک انصاف نے اقتدار میں آنے کے بعد ہی شاہ خرچیوں کو کم کرنے اور کفایت شعاری کی پالیسی اپنانے کا اعلان کیا تھا لیکن اب حکومت میں آنے کے بعد کئی حکومتی اراکین کفایت شعاری پالیسی کی دھجیاں اُڑاتے ہوئے نظر آئے۔ تاہم اب وزیراعظم عمران خان کے معاون خصوصی نعیم الحق اپنے ذاتی دوستوں کے ہمراہ چین کے سرکاری دورے پر روانہ ہو گئے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کا 20 رُکنی وفد چین روانہ ہوا۔ اس وفد میں وزیراعظم عمران خان کے معاون خصوصی نعیم الحق کا ذاتی ملازم بھی شامل ہیں۔ ذرائع کے مطابق عدیل مرزا نعیم الحق کا ذاتی ملازم ہے جو اس دورے میں ان کے ہمراہ روانہ ہوا۔ عدیل مرزا کے پاس کوئی پارٹی عہدہ نہیں ہے لیکن اس کے باوجود عدیل مرزا کو تنخواہ پارٹی فنڈ سے ادا کی جاتی ہے۔پاکستان تحریک انصاف کے رہنما کی اس حرکت کو دیکھ کر لگتا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف نے میرٹ اور کفایت شعاری کو کہیں پیچھے چھوڑ دیا ہے اور اب حکومتی اراکین سرکاری دوروں پر بھی من مرضی کے لوگوں کو لے جانا شروع ہو گئے ہیں ۔ یاد رہے کہ وزیراعظم عمران خان جہاں سابق حکمران جماعتوں کو موروثی سیاست کرنے اور قریبی ساتھیوں کو عہدوں سے نوازنے پر تنقید کا نشانہ بناتے رہے ہیں لیکن اپنے ذاتی دوستوں کو حکومتی عہدے دینے پر انہیں بھی تنقید کا نشانہ بنایا گیا۔ عمران خان کے ساتھ طویل وابستگی رکھنے والے اور برسوں سے بنی گالہ کا اہم حصہ سمجھے جانے والے نعیم الحق پہلے ہی عمران خان کے سیاسی مشیر کے طور پر کام کر رہے ہیں۔ ان کا درجہ وزیر مملکت کا ہے۔ نعیم الحق اور دیگر دوستوں کی سرکاری عہدوں پر تعیناتی پر وزیراعظم عمران خان کو تنیقد کا سامنا ہے تاہم اب حکومتی اراکین نے بھی اپنے قریبی افراد کو نوازنا شروع کر دیا ہے۔