ننکانہ صاحب(محمد قمر عباس)ضلع ننکانہ میں گندم خریداری مہم 28اپریل سے شروع ہوگی۔گندم خریداری مراکز پر تمام انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں۔ ڈی سی او ننکانہ ڈاکٹر عثمان علی خاں ضلع ننکانہ میں گندم خریداری مہم 28اپریل سے شروع ہوگی ۔حکومت پنجاب کی خصوصی ہدایت پر امسال 9گندم خریداری مراکز بنائے گئے ہیں جبکہ 80ہزار میٹرک ٹن ٹارگٹ مقرر کیا گیا ہے۔ باردانے کی ترسیل میرٹ پر اور پہلے آئیے پہلے پائیے کی بنیاد پر ہوگی۔پہلے پانچ دن ساڑھے بارہ ایکڑ تک کے زمینداروں کی درخواستیں وصول کی جائیں گی۔ ان خیالات کا اظہار ڈی سی او ننکانہ ڈاکٹر عثمان علی خاں نے کمیٹی روم میں گندم خریداری مہم کے حوالے سے منعقدہ میٹنگ کے دوران کیا۔ڈی سی او نے مزید کہا کہ ننکانہ،شاہکوٹ،پنواں،سانگلہ ہل،واربرٹن سمیت کل 5مستقل جبکہ 4فلیگ عارضی سنٹرز کا قیام عمل میں لایا جائے گا۔مارکیٹ کمیٹی کا عملہ ان سنٹرز پر زمینداروں کی سہولت کے لیے بیٹھنے کا اہتمام،پانی کا چھڑکاؤ،پینے کا صاف پانی،شامیانوں کی دستیابی،باتھ روم سمیت ڈیسک اور ٹیبل کا اہتمام کریں۔ڈی سی او نے مزید کہا کہ جن زمینداروں کے ذمہ آبیانہ یا سرکاری بقایا جات ہیں ان کو کسی صورت باردانہ ایشو نہ کیا جائے۔ باردانے کی ترسیل صاف شفاف اور میرٹ پر ہوگی۔سنٹرپر موجود کسی بھی فرد کو فیور دینے والوں کے خلاف کاروائی عمل میں لائی جائے گی۔گندم خریداری مہم کے حوالے سے منعقدہ میٹنگ میں اے ڈی سی ڈاکٹر شاہ زیب حسنین،تینوں تحصیلو ں کے اسسٹنٹ کمشنرز،ٹی ایم اوز کے علاوہ گندم خریداری مراکز کے انچارج حضرات سمیت محکمہ ریونیو کے متعلقہ افسران اور کاشتکاروں کے نمائندگان سید نجیب الحسن شاہ اور محمد طیب گھگ ایڈووکیٹ نے شرکت کی۔