لیوٹن برطانیہ (تیمور لون) جموں کشمیر نیشنل عوامی پارٹی برطانیہ برانچ کا کنونشن بروقت طے شدہ شیڈول کے عین مطابق ہوگا۔ کابینہ کے فیصلوں کے عین مطابق آئندہ کی قیادت کا انتخاب طے شدہ قواعد و ضوابط کے تحت ہی ہوگا۔ کابینہ اپنے تمام فیصلہ جات پر عمل درآمد کو یقینی بنائے گی پارٹی کا کوئی بھی رکن پارٹی آئین ومنشور سے بالا تر ہر گز نہیں ہے۔
ان خیالات کا اظہار جموں کشمیر نیشنل عوامی پارٹی برطانیہ برانچ کے جنرل سیکرٹری آزاد راجہ نے برانچ کابینہ کی ہنگامی میٹنگ کے بعد پریس بریفنگ میں کیا ہے۔ انہوں نے کہا ہے کہ پارٹی کے آئین و منشور کے مطابق تمام پارٹی ممبران یکساں ہیں کوئی بھی آئین سے بالا تر نہیں ہے۔
پارٹی آئین سے بالاتر ہوکر پارٹی کو چیلنج کرنے والے کسی بھی فرد کے خلاف پارٹی تادیبی کاروائی کا حق محفوظ رکھتی ہے ۔ پارٹی میں کسی بھی قسم کی کوئی بحرانی کیفیت نہیں ہے۔نیپ برطانیہ برانچ پارٹی کے آئین کے تحت بھرپور کردار ادا کر رہی ہے اور کنونشن تک اور نئی قیادت کے چناؤ تک اپنا کام پارٹی کے آئین و منشور کے مطابق با احسن نبھائے گی۔
نیپ برطانیہ برانچ کے صدر کے مستعفی ہوجانے کی وجہ سے پارٹی کے نائب صدر اوّل سردار مشتاق خان کنونشن تک پارٹی کی برطانیہ برانچ کے قائم مقام صدر ہوں گے ۔ کابینہ نے سردار مشتاق خان پر اعتماد کا اظہار کیا ہے۔
آزاد راجہ نے پارٹی کے تمام ممبران و اراکین سے کہا ہے کہ وہ پارٹی کے عظیم آدرشوں کے عین مطابق مادروطن جموں کشمیر کی قومی آزادی اور خوشحالی کے حصول کی جدوجہد کو باہمی اتحاد سے منطقی انجام تک لے جانے کے لئے بھر پور کردار ادا کریں۔
انہوں نے مزید کہا کہ ہم تجدید عہد کرتے ہیں کہ جموں کشمیر کی قومی آزادی اور عوامی خوشحالی کے حصول کیلئے پارٹی کے پیغام کو دنیا بھر میں موجود کشمیریوں تک پہنچایا جائے گا اور عالمی برادری سے مسئلہ کشمیر پر کشمیریوں کے بالکل اپنے لائحہ عمل کے مطابق اور قومی امنگوں کے مطابق حل کیلئے طرفدار بنانے کیلئے پارٹی سفارتی محاذ پر ہر اول دستہ کا کردار ادا کرے گی۔