اسلام آباد;سپریم کورٹ نے تحریک انصاف بلوچستان کے صدر یار محمد رند کو الیکشن لڑنے کی اجازت دیدی اور یار محمد رند کی نااہلی کیخلاف اپیل سماعت کیلئے منظور کر لی۔تفصیلات کے مطابق چیف جسٹس ثاقب نثار کی سربراہی میں بنچ نے پی ٹی آئی بلوچستان کے صدرکی نااہلی کیخلاف اپیل کی سماعت کی،
یارمحمدرند کی اہلیت کوان کے مخالف امیدوارتاج محمد رئیسانی نے چیلنج کیاتھا،پی ٹی آئی رہنما اپنے وکیل کے ہمراہ عدالت میں پیش ہوئے۔وکیل یار محمد رند نے دلائل دیتے ہوئے کہاکہ یار محمد رند نے خود کوماسٹر ڈگری ہولڈر ظاہر کیا، ایم اے کی ڈگری جان بوجھ کرظاہرنہیں کی،میرے موکل نے ڈگری چھپاکرکوئی بدیانتی نہیں کی۔وکیل صفائی کا کہناتھا کہ یار محمد رند نے موجود کاغذات نامزدگی میں ایف اے کی ڈگری ظاہر کی،میرے موکل نے خود کو جان بوجھ کر ایف اے ظاہر کیا،وکیل یار محمد رند نے کہا کہ میرے موکل کی ایف آئی آرپرضمانت ہوچکی ہے جو ساتھ لگائی ہے۔چیف جسٹس پاکستان نے کہا کہ جس اینگل سے بھی دیکھیں کہیں نہ کہیں توبدنیتی ہے،سپریم کورٹ نے یارمحمدرند کوالیکشن لڑنے کی اجازت دےدی اورپی ٹی آئی بلوچستان کے صدرکی نااہلی کیخلاف اپیل سماعت کیلئے منظورکر لی ،عدالت نے ہائی کورٹ کا فیصلہ معطل کرتے ہوئے فریقین کونوٹسزجاری کر دیئے اورالیکشن کمیشن کوپی ٹی آئی امیدوارکوانتخابی نشان الاٹ کرنے کا حکم دے دیا۔
جبکہ ا س سے قبل لاہور ہائیکورٹ نے این اے67 سے پی ٹی آئی کے امیدوار فوادچودھری کے خلاف ایپلٹ ٹربیونل کافیصلہ کالعدم قرار دیتے ہوئے انہیں الیکشن لڑنے کی اجازت دے دی۔پی ٹی آئی کے امیدوار فواد چودھری کی نااہلی کے خلاف درخواست کی سماعت لاہور ہائیکورٹ میں ہوئی ۔درخواست گزار نے موقف اپنایا تھا کہ فواد چودھری نے کاغذات نامزدگی میں جھوٹ بولا جبکہ فواد چودھری کا کہنا تھا کہ انہوں نے کاغذات نامزدگی میں درستی کر دی ہے اس کے بعد ایپلٹ ٹربیونل انہیں نااہل قرار دینے کا جواز نہیں ۔جس پر لاہور ہائیکورٹ نے فواد چودھری کی نا اہلی کا فیصلہ کالعدم قرار دے دیا اور انہیں عام انتخابات میں حصہ لینے کی اجازت دے دی۔