اسلام آباد (یس ڈیسک) انسداد دہشت گردی کے قومی ایکشن پلان پرغور کے لیے وزیراعظم کی صدارت میں اعلیٰ سطح کا اجلاس آج ہو گا، آرمی چیف اور ڈی جی آئی ایس آئی بھی شرکت کریں گے۔
وزیراعظم نواز شریف نے ملک کی موجودہ سیکیورٹی صورت حال اور انسداد دہشت گردی کے قومی ایکشن پلان پر عمل درآمد کا جائز لینے کے لیے اعلیٰ سطح کا اجلاس آج منگل کو طلب کررکھا ہے۔اجلاس میں وفاقی وزراء، سیاسی وقانون مشیر اور معاونین سمیت آرمی چیف جنرل راحیل شریف اور ڈی جی آئی ایس آئی لیفٹیننٹ جنرل رضوان اختر بھی شریک ہوں گے۔
ذرائع کے مطابق اجلاس میں وزارت داخلہ ملک کی اندرونی سیکیورٹی کی صورت حال پر وفاقی و صوبائی حکومتوں کے اقدامات پر تفصیلی بریفنگ دے گی جب کہ دہشت گردوں کو فوری سزائیں دینے کے حوالے سے خصوصی عدالتوں کے قیام کے معاملے پر عملی اقدامات کا جائزہ بھی لیا جائے گا۔
اس بارے میں قانونی و آئینی امور پر اٹارنی جنرل بریفنگ دیں گے۔ اجلاس میں آپریشن ضرب عضب پر بھی غور کیا جائے گا۔
ذرائع کا کہناہے کہ اجلاس میں اے پی سی کے فیصلوں پر عمل درآمد کے لیے سول اور عسکری اداروں کے قریبی تعاون اور مشترکہ حکمت عملی سے دہشت گردوں کے خلاف کارروائیاں تیز کرنے کے امور پر بھی مشاورت کی جائے گی۔